اسلام آباد: ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ3 روز کے دوران آزادکشمیر،پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 22 اگست تک بالائی پنجاب کے شہروں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے جبکہ اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے جبکہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
اس کے علاوہ بلوچستان کے اضلاع قلات، خضدار، لسبیلہ اور تربت میں ندی نالوں میں طغیانی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بارشیں اور کلاؤڈ برسٹ، 670 اموات، حکومت اور فوج کا مشترکہ ایکشن
محکمہ موسمیات نے عوام اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور برساتی نالوں کے قریب احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کردیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 5 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر گیا، جس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کمشنر ڈیرہ غازی خان ، بہاولپور ڈویژن اور تونسہ کی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔