راولاکوٹ(کشمیر ڈیجیٹل)راولاکوٹ اور گردونواح میں ہونے والی طوفانی بارش نے قیامت خیز مناظر پیدا کر دیئے۔ برساتی نالوں میں اچانک طغیانی سے متعدد علاقے شدید متاثر ہوئے۔
متاثرہ علاقوں میں درجنوں مکانات کی بنیادیں ہل گئیں اور ندی نالوں کے کنارے تعمیرات مکمل طور پر زیر آب آگئیں۔شدید بارش کے نتیجے میں شہر کی گلیاں، بازار اور نشیبی بستیاں پانی میں ڈوب گئیں۔
متعدد مکانات کے اندر پانی داخل ہونے سے گھریلو سامان اور قیمتی اشیاء برباد ہوگئیں۔ مویشی بہہ گئے اور کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔آمد و رفت کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔
کھڑک 15 کے قریب پل طغیانی کے باعث چار گھنٹے تک بند رہا جبکہ مرکزی اور لنک روڈز پر جگہ جگہ سلائیڈنگ اور شگاف پڑنے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے۔
ٹائیں، ڈھلکوٹ، تولی پیر، لسڈنہ، گوئیں نالہ اور تھلہ مجاہد آباد روڈ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مکمل طور پر بند ہوگئے۔ بگلے کراس پر بھی سلائیڈنگ سے گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔۔
شدید بارش کے باعث بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا۔ کئی علاقوں میں پول گر گئے اور ٹرانسفارمر جلنے سے طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ پانی کی سپلائی لائنیں بھی جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہیں
مین روڈ کوٹلی تا میرپور بمقام گلپور مہولی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث عارضی طور پر بند ہو گئی ہے۔ ٹرانسپورٹر اور مسافر حضرات فی الحال بمقام مہولی پرانا راستہ اختیار کریں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مون سون کے مزید 2 خطرناک اسپیل آنے کو ہیں تیار، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری