مودی کوایک اور دھچکا، امریکا نے بھارت کیساتھ تجارتی مذاکرات منسوخ کردیئے

امریکا اور بھارت کے درمیان تجارتی تنازع شدت اختیار کرنے لگا،مودی سرکار کو ایک اور جھٹکا دیتے ہوئے امریکا نے بھارت کے ساتھ اگست میں ہونے والے تجارتی مذاکرات منسوخ کردئیے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی تجارتی وفد نے 25 تا 29 اگست کا طے شدہ بھارت کا دورہ منسوخ کردیا ہے جس کے بعد امریکا بھارت تجارتی مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے۔

یاد رہے کہ روس سے تیل خریدنے کے معاملے پر امریکا نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے اضافی ٹیرف کی دھمکی دی تھی۔امریکی دھمکی کے بعد بھی بھارت کی جانب سے روس سے تیل کی خریداری روکنے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا جس کے بعد امریکا نے بھارت پر اضافی 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ پیوٹن مذاکرات ناکام ہوئے تو بھارت پر مزید ٹیرف لگائیں گے، امریکا کی وارننگ

اضافی 25 فیصد ٹیرف کے بعد بھارت پر مجموعی امریکی ٹیرف 50 فیصد ہوگیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ بھارت سے درآمد کی جانے والی اشیا پر اضافی ڈیوٹی عائد کرنا مناسب اور ضروری ہے کیوں کہ بھارت روس سے بلاواسطہ اور بالواسطہ تیل درآمد کررہا ہے۔

چند روز قبل امریکی وزیرخزانہ نے بھی خبردارکیا تھا اگر ٹرمپ اور پیوٹن کے مذاکرات ناکام ہوئے تو بھارت پر مجموعی ٹیرف 50 فیصد سے بھی زیادہ ہوجائیں گے۔

Scroll to Top