مظفرآباد ( سفیر رضا چغتائی،کشمیر ڈیجیٹل رپورٹ) اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے آزادکشمیر میں حالیہ بارشوں کے دوران نقصانات کی مکمل رپورٹ جاری کردی ہے۔
آزاد کشمیر میں حالیہ مون سون بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 13 ہوگئی۔ ایس ڈی ایم اے کے مطابق ضلع حویلی کی تحصیل خورشید آباد میں مزید دو افراد ملبے تلے دب کر جان کی بازی ہار گئے۔
یوں مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والوں میں 4 خواتین، 4 مرد اور 5 بچے شامل ہیں، جبکہ 8 افراد زخمی بھی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق لینڈ سلائیڈز اور فلیش فلڈ کے باعث تباہ شدہ مکانات کی تعداد 156 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 50 مکانات مکمل طور پر منہدم ہوگئے۔
جبکہ متعدد گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ فلیش فلڈ میں 15 دکانیں بھی تباہ ہوگئیں۔ ایس ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں، تاہم مسلسل بارشوں اور دشوار گزار پہاڑی راستوں کی وجہ سے مشکلات برقرار ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کمشنر پونچھ مسعود الرحمن سمیت آزاد کشمیر کے 3 افسروں کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا