(کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ داخلہ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے مطابق آزادکشمیر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کے قیام کی مہلت ختم ہو چکی ہے، جبکہ رضا کارانہ واپسی کی آخری تاریخ 30 اگست 2025 مقرر کی گئی ہے۔ اس کے بعد ریاست پاکستان کے فیصلے کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے آزادکشمیر میں موجود غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی باعزت واپسی کا فوری انتظام کریں گے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی کے تحت انہیں خصوصی کیمپس میں رکھا جائے گا اور بعد ازاں اپنے ممالک بھیج دیا جائے گا۔ محکمہ داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ ایسے افراد کو پناہ، رہائش یا ملازمت فراہم کرنے اور ان سے خرید و فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن مکمل ہو گیا ہے،پیر محمد مظہر سعید شاہ
مزید بتایا گیا ہے کہ بارڈر ٹرانزٹ پوائنٹس پر ون ڈاکومنٹ پالیسی نافذ ہے، جس کے ذریعے سرحدی نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات قانونی طور پر مقیم اور مقامی شہریوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے اور سماجی تحفظ کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔