اٹلی کے ساحل پر تارکین وطن کی 2کشتیاں ڈوب گئیں،26ہلاک، متعدد لاپتہ

اٹلی کےقریب تارکین وطن کی دو کشتیاں ڈوب گئیں ،کشتیاں ڈوبنے سے 26تارکین وطن ہلاک اور متعدد لاپتہ ہوگئے جبکہ 60افرادکو بچا لیا گیا جن میں 56 مرد اور چار خواتین شامل ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق ہلاک 26تارکین وطن کی لاشیں سمندر سےنکال لی گئیں ،کشتی حادثے میں درجنوں افراد اب بھی لاپتہ ہیں ۔

اقوام متحدہ کی انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے ترجمان نے بتایا کہ ان دونوں جہازوں پر تقریباً 95 افراد سفر کر رہے تھے۔،ہلاک افراد کا تعلق کن ممالک سے تھا تاحال شناخت سامنے نہیں آسکی۔

الجزیرہ کے مطابق تارکین وطن نے لیبیا سے بحیرہ روم کے خطرناک راستے پرسفر کاآغاز کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:یونان میں تارکین وطن کی ایک اور کشتی ڈوب گئی، 7 افراد ہلاک

اٹلی میں یو این ایچ سی آر کے ترجمان نے کہا ہے کہ رواں سال کے آغاز سے اب تک وسطی بحیرہ روم میں 675 افراد کراسنگ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ہلاک ہو چکے ہیں۔

اطالوی جہازنے لیمپیڈوسا سے 23 کلومیٹر دور الٹتی وکشتی کو دیکھا، جس سے ریسکیو آپریشن شروع ہو گیااور لوگوں کو بچایا گیا،روئٹرز کے مطابق بچائے گئے لوگوں نے بتایا کہ وہ دو کشتیوں پر صبح سویرے لیبیا کے علاقے طرابلس سے روانہ ہوئے تھے۔

اطالوی ریڈ کراس کے مطابق بچائے گئے افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے حالیہ چند مہینوں میں ایسے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ، کئی افراد کا تعلق پاکستان سے بھی ہے ۔

Scroll to Top