ایپل کا سستا ترین میک بک اور جدید اسمارٹ گلاسز متعارف کرانے کا منصوبہ

(کشمیر ڈیجیٹل) ایپل آئندہ برسوں میں دو بڑے پروڈکٹس لانچ کرنے جا رہا ہے، جن میں ایک کم قیمت میک بک اور 2027 میں پیش کیے جانے والے اسمارٹ گلاسز شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کم قیمت میک بک کی بڑے پیمانے پر پیداوار 2025 کی چوتھی سہ ماہی کے اختتام یا 2026 کی پہلی سہ ماہی کے آغاز میں شروع ہوگی۔ یہ نیا ماڈل تقریباً 13 انچ ڈسپلے اور اے 18 پرو پروسیسر کے ساتھ پیش کیا جائے گا، جبکہ ممکنہ رنگوں میں سلور، بلیو، پنک اور ییلو شامل ہیں۔

ایپل کا ہدف ہے کہ 2026 میں میک بک کی مجموعی فروخت کووڈ-19 کے عروج کے دور کے قریب، یعنی 2 کروڑ 50 لاکھ یونٹس تک پہنچائی جائے، جو 2025 میں متوقع 2 کروڑ یونٹس سے زیادہ ہوگی۔ اس نئے ماڈل کی 2026 میں متوقع فروخت 50 سے 70 لاکھ یونٹس تک ہو سکتی ہے۔

کم قیمت میک بک کے ساتھ، ایپل 2027 میں اسمارٹ گلاسز بھی متعارف کرائے گا، جن میں ڈسپلے کی سہولت موجود نہیں ہوگی، لیکن آڈیو پلے بیک، کیمرہ، ویڈیو ریکارڈنگ اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ماحول کی شناخت جیسی خصوصیات شامل ہوں گی۔ کمپنی فریم اور ٹیمپل کے لیے مختلف مٹیریلز پر کام کر رہی ہے اور 3 ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کے استعمال کا جائزہ بھی لے رہی ہے۔ ان گلاسز کی 2027 میں متوقع فروخت 30 سے 50 لاکھ یونٹس یا اس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔

ان دونوں مصنوعات میں ایورون پریسیژن کلیدی کردار ادا کرے گا، جو کم قیمت میک بک کے کیسز اور اسمارٹ گلاسز کے فریم یا ٹیمپل کا ریفرنس ڈیزائن فراہم کرے گا۔ یہ کمپنی پہلے ہی میک بک پرو کے کیسز فراہم کر رہی ہے اور 2026 سے میک بک ایئر کے کیسز بھی فراہم کرے گی۔ ان نئے آرڈرز سے ایورون پریسیژن کی 2026 میں آمدنی میں سالانہ 15 سے 20 فیصد اور منافع میں 30 سے 40 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: معرکہ حق اور یوم آزادی کی تقریبات آج سےشروع ہوں گی

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایپل کی یہ حکمتِ عملی نہ صرف فروخت میں اضافہ کرے گی بلکہ دنیا بھر میں لیپ ٹاپ اور ویئرایبل ڈیوائسز کی مارکیٹ میں ایک نیا رجحان بھی متعارف کرائے گی۔

Scroll to Top