دشمن نے پانی بند کیا تو وہ سبق سکھائیں گے وہ کانوں کو ہاتھ لگائے گا،شہبازشریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقلیتوں نےملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے صحت ،تعلیم اور دفاع سمیت تمام شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، دشمن پانی کی ایک بوند بھی پاکستان سے چھین نہیں سکتا، اگر یہ حرکت کی تو دوبارہ وہ سبق سکھائیں گے کہ کانوں کو ہاتھ لگائے گا۔

نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تمام اقلیتوں کو گزشتہ روز منائے گئے اقلیتوں کے قومی دن کی مناسبت سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی کنجی قوم کے زندہ ستاروں کے ہاتھ میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ 14 اگست کی آمد آمد ہے، پوری قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتا ہوں، کوئی اندازہ کر سکتا تھا کہ14 اگست 1947ء کو ایک نیا ملک دنیا کے نقشے پر آئے گا، قائداعظم محمد علی جناح ان چند لوگوں میں سے ہیں جنہوں نے تاریخ کا رخ موڑا۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ جب بھی جنگ رکوانے کا بیان دیتے ہیں مودی کے زخم تازہ ہوجاتے ہیں، شہبازشریف

دنیا کا نقشہ بدلا ،ایک نئی قوم ایک نیا ملک تخلیق کیا، حضرت قائد اعظم کو اللہ تعالی نے یہ توفیق دی اور 14 اگست1947ء کو پاکستان معرض وجود میں آیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج ایک نیا پاکستان معرض وجود میں آ چکا ہے،مئی میں پاک فضائیہ نے 4 رافیل جہازوں سمیت بھارت کے 6 جہاز مار گرائے،اس چار دن کی جنگ میں ہمارے دلیر جوانوں نے ان کو وہ سبق سکھایا جو ان کو رہتی دنیا تک یاد رہے گا ۔

یہ ہماری افواج پاکستان کےوہ سپوت اور جوان ہیں کہ جب وہ میدان جنگ میں نکلے تو ان کی مائوں نے ان کے لیے دعا کی کہ بیٹا جا کے پاکستان کا جھنڈا بلند کرنا، پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کرنا اور جان دے دینا گھر واپس نہ آنا لیکن دشمن کو زیر کر کے آنا۔

انہوں نے کہا کہ آج دشمن پر یہ واضح کر دوں کہ اگر تم ہمارا پانی بند کرنے کی دھمکی دیتے ہو تو یہ بات ذہن میں رکھنا کہ پانی کی ایک بوند بھی تم پاکستان سے چھین نہیں سکتے، اگر تم نے یہ حرکت کی تو دوبارہ تمہیں وہ سبق سکھائیں گے کہ تم کانوں کو ہاتھ لگائو گے، پاکستان کا تم کبھی بھی بال بیکا نہیں کر سکتے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہبازشریف کا آزادکشمیر کے بارش متاثرین کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان

انہوں نے کہا کہ اب اس پاکستان کو نوجوانوں نے تعمیر کرنا ہے ،لیپ ٹاپ فار آل سکیم کے تحت بلاسود قسطوں پر لیپ ٹاپ فراہم کئے جائیں گے۔

اسلام آباد، گلگت بلتستان،آزاد کشمیر سمیت پاکستان کے دوسرے علاقوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ باصلاحیت نوجوانوں کی تعلیمی قابلیت کے بنیاد پر تقسیم کئے جائیں گے پاکستان کی تعمیرو ترقی کے لیے یہ لیپ ٹاپ صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کئے جائیں گے۔

کوئی اس میں سفارش نہیں ہوگی، یہی پالیسی میری پنجاب میں تھی اور یہی پالیسی آج یہاں پر ہے اور انشاء اللہ یہی پالیسی پاکستان کو عظیم بنائے گی۔

Scroll to Top