کوٹلی :وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا کہ کشمیریوں اور پاکستان کا رشتہ قائم دائم رہے گا اور تاقیامت رہے گا کشمیریوں کا پیار ومحبت میرے لئے اثاثہ ہے، شاہ غلام قادر کی محنت کی بدولت مسلم لیگ ن آج زندہ ہے اور لوگوں کے دلوں پر راج کر رہی ہے۔
سابق امیدوار اسمبلی و سینئررہنما ملک ذوالفقار کی طرف سے منعقدہ بنیان مرصوص تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نےکہا کہ کشمیریوں کے مفاد اور پاکستان کے مفاد میں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہو گی۔
آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر یوم آزادی جوش و خروش سے منا رہے ہیں ہماری ایک آواز کی بدولت افواج پاکستان نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو شکست دی۔
انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں کامیابی کے بعد دنیا بھر میں پاکستان طاقت بن کر ابھرا ہے، بھارت کا غرور ہماری افوج نے خاک میں ملا دیا اور پاکستان کا وقار بلندیوں کو چھونے لگاہے۔
انہوں نےکہا کہ جنگ کے دوران کشمیریوں کا جذبہ قابل دید رہا اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران مقبوضہ کشمیر میں کشمیر یوں نے پاکستان کی کامیابی پر جشن منایا مظلوم کشمیریوں پر بھارت بدترین ظلم کر رہا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں پاکستان سے پیار کا رشتہ مضبوط ہو رہا ہے۔
بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی داستانیں رقم کی ہیں ہم مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں کے جذبے اور انکی پاکستان کیساتھ محب کو سلام پیش کرتا ہوں، امیر مقام
انہوں نےکہا کہ جب تک ایک پاکستانی زندہ ہے کشمیریوں کو ان کو آزادی حق مل کر رہے گا، آنے والے الیکشن میں گھر گھر جا کر کمپین کریں اور میاں محمد نواز شریف کی تعمیر و ترقی اور خوشحال کشمیر کا پیغام پہنچائیں ۔
قبل ازیں وفاقی وزیر امور کشمیر گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کا کوٹلی آزاد جموں و کشمیر میں مسلم لیگ ن کے کار کنوں اور رہنماؤں کی بڑی تعداد نے پرتپاک استقبال کیا۔وفاقی وزیر کی آمد پر لوگوں کی بڑی تعداد نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور نعرے لگائے۔
وفاقی وزیر کے ہمراہ سابق ایم پی اے جمشید مہمند اور سابق ایم پی اے فضل اللہ بھی تھے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور سابق وزیر راجہ یاسین موجود تھے۔
سابق وزیر راجہ مشتاق احمد منہاس،سابق سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق، سابق وزیر چوہدری رخسار،سابق وزیر ڈاکٹر نجیب نقی،سابق وزیر مسعود خالد، ممبر کشمیر کونسل مالک محمد حنیف، ڈی جی ملک ذوالفقار، وائس چیئرمین ضلع کونسل کوٹلی سردار عمیر نعیم خان ایڈووکیٹ، صدر مسلم لیگ ن ضلع کوٹلی راجہ ادریس بھی موجود تھے۔