فوڈ اتھارٹی کی دبنگ کارروائیاں جاری،مضرصحت کھانے پر ہوٹل سیل، متعدد کو جرمانے

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی امبور اور گوجرہ میں دبنگ کارروائیاں۔ہوٹل سیل،متعدد کو جرمانے و وارننگ نوٹسزجاری کردیئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق امبور کے مقام پر اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر قاضی شفیق الرحمن کی ہمراہ فوڈ اتھارٹی ٹیم نے اچانک معائنہ کیا۔

معائنے کے دوران صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، ہوٹل میں حشرات الارض کی موجودگی، گندے برتنوں کا استعمال، غیر معیاری کھانوں، کچن ایریا میں گندگی اور خوراک کو بغیر ڈھانپے رکھنے جیسے سنگین مسائل پائے گئے۔

سنگین خلاف ورزیوں کے باعث مشہور الاعوان ہوٹل کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا۔دوسری کارروائی میں فوڈ اتھارٹی ٹیم نے گوجرہ کے مقام پر واقع ایک مشہور بیکری کا معائنہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد : فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن،مختلف فاسٹ فوڈز ، ہوٹلز پر جرمانے ، نوٹسز جاری

دورانِ معائنہ بیکری کے پروڈکشن ایریا میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، صفائی کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی اور اشیائے خوردونوش کو غیر محفوظ طریقے سے رکھنے کے شواہد ملے۔

فوڈ اتھارٹی ٹیم نے ناکہ لگا کر ایک فوڈ ڈیلیوری گاڑی کو بھی روکا اور اس میں موجود بیکری آئٹمز کی جانچ کی۔ معائنے میں یہ بات سامنے آئی کہ گاڑی کی چھت پر کھلا سامان بغیر ڈھانپے رکھا گیا تھا، جو فوڈ اتھارٹی کی ایس او پیز کی صریح خلاف ورزی تھی۔

خلاف ورزیوں پر فوڈ بزنس آپریٹرز کو جرمانہ عائد کیا گیا اور سخت اصلاحی نوٹسز جاری کئے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: فوڈ اتھارٹی میرپور کی بڑی کارروائی، ناقص دودھ ترسیل کرنیوالی گاڑیاں ضبط

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے کہا کہ عوام کو معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی فوڈ اتھارٹی کا مشن ہے۔

کسی بھی ہوٹل یا بیکری کو عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، شہری کسی بھی خلاف ورزی کی فوری اطلاع دیں۔

Scroll to Top