پیرس: 15اگست کو بھارت کا یومِ آزادی کشمیری یومِ سیاہ کے طور پر منائیں گے،انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم فرانس نے ایفل ٹاور کے سامنے احتجاجی مظاہرے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم فرانس کے زیر اہتمام بھارت کے یومِ آزادی کو یومِ سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔
اس حوالے سے ایفل ٹاور کے سامنے بڑا احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا جائیگا جس میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی، انسانی حقوق کے کارکن اور مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندے شریک ہوں گے۔
پیرس میں فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زاہداقبا ل ہاشمی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کی آزادی تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پیرس میں ایفل ٹاور کے سامنے یومِ استحصال کشمیر پر احتجاجی مظاہرہ
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مظالم اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
اس موقع پر جنرل سیکرٹری راجہ طاہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کو ہماری افواج نے ہر محاذ پر ناکوں چنے چبوا دیئے ہیں اور کشمیری عوام کے حوصلے آج بھی بلند ہیں۔
انہوںنے کہا کہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور یومِ سیاہ کا انعقاد اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
مقررین نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ظلم و جبر کے خلاف یہ جدوجہد ہر حال میں جاری رکھی جائے گی اور دنیا بھر میں کشمیریوں کی آواز بلند کی جاتی رہے گی۔