ڈبلن :آئرلینڈ نے پاکستان ویمنز ٹیم کو دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے دی، میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا۔
ڈبلن میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں آئرلینڈ نے 169 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرنے کے ساتھ 3 میچز پر مشتمل سیریز بھی 2صفر سے اپنے نام کر لی۔
میزبان ٹیم کی جانب سے اورلا پرینڈرگاسٹ اور لارا ڈیلینی نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 76 رنز کا اضافہ کیا جس سے آئرش ٹیم کی جیت کی راہ ہموار ہوئی اورلا پرینڈرگاسٹ 51، لارا ڈیلینی 42، ریببیکا سٹکایل 34 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
پاکستان کی جانب سے رامین شمیم نے 3، کپتان فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔قبل ازیں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ویمنز ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 کیلئے کوالیفائی کرلیا
پاکستان ویمنز کی اننگز میں شوال ذوالفقار نے6 چوکوں کی مدد سے33 رنز سکور کیے اور ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 27 رنز بنانے والی منیبہ علی کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 62 رنز کا اضافہ کیا۔
بعد میں آنے والی بیٹرز میں ایمان فاطمہ نے ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 23 ، کپتان فاطمہ ثنا نے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے23 اور نتالیہ پرویز نے 5 چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے۔
آئرلینڈ کی جانب سے لارا مک برائیڈ اور کارا مرے نے بالترتیب27 اور 33 رنز دے کر 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل مقابلہ 10 اگست کو ڈبلن میں کھیلا جائے گا۔