عباسپور (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر و سابق وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ میری گرفتاری بھی غیر قانونی تھی اور رہائی بھی غیر قانونی، مگر اس موقع پر جس اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔
میری گرفتاری پر پوری سیاسی قیادت، بالخصوص بار ایسوسی ایشن عباسپور نے جس طرح مکمل ہڑتال کر کے میرا ساتھ دیا اس پر میں آپ کا دلی شکریہ ادا کرتا ہوں۔وہ بار ایسوسی ایشن عباسپور کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
تقریب کی صدارت صدر بار ایسوسی ایشن چوہدری محمد اکرم ایڈووکیٹ نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری سردار احسن سروش غازی نے انجام دیئے۔
سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ میری غیر قانونی گرفتاری کے خلاف پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین، مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل طارق فاروق، سابق وزیر مال چوہدری یاسین گلشن، سابق امیدوار اسمبلی سردار سفیر عالم سمیت تمام سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھرپور مذمت کی، جس پر میں تمام مکاتبِ فکر کا دلی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
یہ کشمیری روایات کے احیاء کی مثال ہے۔ اگر پوری کشمیری قوم نے اسی طرح اتحاد برقرار رکھا تو آزادی کی منزل دور نہیں۔انہوں نے کہا کہ خاص طور پر بار ایسوسی ایشن عباسپور کی جانب سے عدالتوں کے بائیکاٹ نے یہ پیغام دیا کہ عباسپور کے لوگ احسان فراموش نہیں ہیں۔
اگر میں وزیر اعظم نہ ہوتا تو عباسپور میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کی عدالت کا قیام ممکن نہ ہوتا۔ وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کے ابتدائی دو ماہ میں ہی میں نے سیکرٹری قانون، سیکرٹری سروسز اور پرنسپل سیکرٹری کو طلب کر کے حکم دیا کہ شام چار بجے سے پہلے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، اور شام چھ بجے یہ جاری ہو گیا۔
اس سے قبل چوہدری یاسین گلشن نے بھی بھرپور کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ وکلاء نے عدالت کے قیام کے لیے طویل جدوجہد کی، میں نے خود ان کے ہڑتالی کیمپ کا کئی بار دورہ کیا اور ان کی جدوجہد سے بخوبی آگاہ تھا۔
عباسپور پیار کرنے والوں کی دھرتی ہے، اور اگر میری گرفتاری پر پوری کشمیری قوم کی جدوجہد نہ ہوتی تو مجھے سولہ گھنٹے میں رہا نہ کیا جاتا بلکہ کئی دن یا ہفتے لگ جاتے۔ اس جدوجہد کا پیغام واضح تھا کہ کشمیریوں پر تجربات کرنا آسان نہیں۔
قبل ازیں بار روم پہنچنے پر سردار عبدالقیوم نیازی کا وکلاء نے شاندار استقبال کیا۔ تلاوتِ کلامِ پاک چوہدری صدیق قمر ایڈووکیٹ نے کی جبکہ دعا ذوالفقار احمد صدیقی ایڈووکیٹ نے کروائی۔
نیوٹویوٹا یارِس آسان اقساط پر حاصل کرنے والوں کیلئے اہم خبر




