راولاکوٹ، حقِ ملکیت و حکمرانی کانفرنس، ریاست گیر لاک ڈاؤن کا اعلان

راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل)جنڈالہ کے مقام پر جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام “حقِ ملکیت، حقِ حکمرانی کانفرنس” کا انعقاد کیا گیا، جس میں عوام علاقہ اور مذاحمت کاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کانفرنس میں جنڈالہ، تمروٹہ، تھلہ، ٹائیں، تھوراڑ، بنگوئیں، نامرالہ، گلہ ملی خان پوٹھ، ڈنہ، لکھونی ہل، سینگڑہ سمیت دیگر علاقوں سے قافلوں کی صورت میں لوگ شریک ہوئے۔ جنڈالہ بازار کو آزاد کشمیر کے پرچموں سے سجا دیا گیا تھا، جس سے قومی جوش و جذبہ عیاں تھا۔کانفرنس کا آغاز دوپہر دو بجے ہوا جو رات گئے تک جاری رہا۔

شرکاء پورے عزم اور دلجمعی کے ساتھ شریک رہے۔ اس موقع پر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کور کمیٹی کے ارکان سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ کی مکمل منظوری تک تحریک جاری رکھے گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 29 ستمبر سے آزاد کشمیر بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے گا جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔مقررین نے حکمرانوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ:حکمران طبقہ عیاشیوں میں مصروف ہے اور عوامی مسائل سے لاپروا ہے۔

مظفرآباد اور راولاکوٹ میں تعلیمی بورڈ کے رابطہ دفاتر کا خاتمہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔چیئرمین تعلیمی بورڈ ہوش کے ناخن لیں اور مہاجرین کی بارہ نشستوں کا خاتمہ عمل میں لایا جائے کیونکہ یہ ریاستی خزانے پر بوجھ ہیں۔یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر ممبرانِ اسمبلی نے کشمیر کی آزادی کے بجائے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے خلاف تقاریر کیں، جو افسوسناک ہے۔

مقررین نے راجہ فاروق حیدر کے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے متعلق نازیبا بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی خزانے کو لوٹنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے بند کیے جائیں۔ موروثی سیاست کا خاتمہ ضروری ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرنے والوں میں شوکت نواز میر، عمر نذیر کشمیری، راجہ مجتبیٰ، شہزاد خان، عابد شاہین، ارباب ایڈووکیٹ، ذوالفقار شاہین، سردار منور انقلابی، راجہ مرتضیٰ خطیب ایڈووکیٹ، راجہ اسد، ابرار جاوید کشمیری، عبد القادر عباسی، حسیب شمریز، احتشام گیلانی، سردار ظہور حسین، ڈاکٹر تعظیم، اسد کبیر، ذوالفقار علی بھٹو، عتیق احمد خان، ہارون اور دیگر شامل تھے۔

تعطیلات میں توسیع،پنجاب بھر میں سکول یکم ستمبر سے کھلیں گے، نوٹیفکیشن جاری

Scroll to Top