مظفرآباد(سٹاف رپورٹر)کنگ سلمان ریلیف نے آزاد جموں و کشمیر کے دس اضلاع میں قدرتی آفات سے متاثرہ 6,000 خاندانوں میں فوڈ پیکجز کی تقسیم کامیابی سے مکمل کر لی ۔
ان اضلاع میں مظفرآباد میں 325 فوڈ پیکجز ، وادی جہلم میں 542 فوڈ پیکجز ، نیلم میں 433 فوڈ پیکجز ، کوٹلی میں 796 فوڈ پیکجز ، بھمبر میں 281 فوڈ پیکجز ،میرپور میں250 فوڈ پیکجز ،سدھنوتی میں1040 فوڈ پیکجز ،پونچھ میں 1073 فوڈ پیکجز ، حویلی 934 فوڈ پیکجز اور باغ میں 326 فوڈ پیکجز تقسیم کئے گئے۔
ہر فوڈ پیکج کا وزن 95 کلوگرام ہے، جس میں 80 کلو آٹا، 5 لیٹر کوکنگ آئل، 5 کلو چینی، اور 5 کلو دال چنا شامل ہیں۔ یہ انسانی ہمدردی پر مبنی امدادی سرگرمی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آزاد کشمیر اور حیات فاؤنڈیشن کے قریبی اشتراک سے انجام دی گئی تاکہ امداد کی فراہمی کو بروقت شفافیت کے ساتھ متاثرہ خاندانوں تک پہنچایا جا سکے۔
اس اقدام سے براہ راست 41121 سے زائد افراد مستفید ہوئے، جو آزاد جموں و کشمیر میں متاثرہ کمیونٹیز کی مدد اور ان کی بحالی کے لیے کنگ سلمان ریلیف کے پختہ عزم کا مظہر ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آزاد کشمیر ، سردار وحید نے کنگ سلمان ریلیف اور مملکت سعودی عرب کا بروقت اور فراخدلانہ تعاون فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مظفرآباد میں ہونے والی تقسیم کی ایک تقریب میں ذاتی طور پر شرکت کی، جو کنگ سلمان ریلیف اور حکومت آزاد کشمیر کے مابین مضبوط تعاون کی عکاسی کرتی ہے تاکہ سب سے زیادہ متاثرہ افراد تک امداد پہنچائی جا سکے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد، گردو نواح میں تیندووں ، چیتوں کا راج، وائلڈ لائف حکام خاموش تماشائی