ٹائمزسکوائرنیویارک میں کشمیریوں کا بھارت کیخلاف مظاہرہ، خواتین ،بچوں کی بھی شرکت

نیویارک:جموں و کشمیر پر بھارت کے غیرقانونی قبضے اورنوآبادیاتی منصوبوں کے خلاف امریکہ میں مقیم کشمیریوں نے خواتین اور بچوں سمیت اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

نیویارک میںکشمیری امریکن کمیونٹی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کے شرکا نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کیساتھ جموں وکشمیر پر بھارتی قبضے کے خاتمے اور تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیاگیا۔

ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے بھارت کی جانب سے دفعہ370اور 35Aکی منسوخی کی مذمت کرتے ہوئے اسے جارحانہ اقدام اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں 91اور 122کی خلاف ورزی قرار دیا۔

ڈاکٹر فائی نے بھارت کی طرف سے محمد یاسین ملک، مسرت عالم بٹ اور آسیہ اندرابی جیسے حریت رہنماؤں کی نظربندی کو اختلاف رائے کو دبانے کی کوشش قراردیا۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹر بَرا میں جلسۂ عزمِ وفا: کشمیری کمیونٹی کی شاندار شرکت، مسلم لیگ ن کی سیاسی طاقت کا مظاہرہ

مقررین میں جے کے ایل ایف کے راجہ مختار ،کشمیر مشن امریکہ کے سردار تاج خان، ریٹائرڈمیجر عارف نوید، چودھری مقبول احمد گجراور ایڈووکیٹ امتیاز خان شامل تھے۔

مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب میں تبدیلیوں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آزادی صحافت پر پابندیوں کو اجاگرکیا۔

سماجی کارکن صفورا وسیم نے بھارتی جمہوریت کو فریب قرار دیا جبکہ انسانی حقوق کے کارکنوں سردار ساجد سوار اور عطاالظفر نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ کشمیر یوںکی آواز سنیں۔

کشمیری امریکن الائنس کے صغیر خان ،پاکستان یو ایس اے فریڈم فورم کے شاہد کامریڈ ، فیض خالد قریشی اور آمنہ حبیب سمیت دیگر مقررین نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری ظلم وجبر پر عالمی توجہ اور تمام کشمیری سیاسی قیدیوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔

Scroll to Top