سردار قیوم نیازی کی گرفتاری قابلِ مذمت،5اگست کو آزادکشمیر بھر میں بھرپور اور پُرامن احتجاج ہوگا،ذیشان حیدر

جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے نائب صدر و سابق امیدوار اسمبلی سید ذیشان حیدر نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 5 اگست کو جہلم ویلی سمیت آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں بھرپور اور پُرامن احتجاج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ نے احتجاجی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو اس کا بھرپور ردعمل دیا جائے گا اور اس کے نتائج کی مکمل ذمہ داری آزادکشمیر حکومت پر عائد ہوگی۔

سید ذیشان حیدر نے کہا کہ پانچ اگست صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ ظلم، غداری، اور استحصال کے خلاف مزاحمت کی علامت بن چکی ہے۔ اسی روز نریندر مودی نے بھارتی آئین میں ترمیم کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی اور اسی دن پاکستان میں امت مسلمہ کے عظیم رہنما عمران خان کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا۔”

انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کی حکومت کو سازش کے تحت گرا کر ملک کو آئینی و سیاسی بحران میں دھکیلا گیا، انتخابات میں تاخیر، انتخابی نشان کی منسوخی اور اکثریتی جماعت کو اقلیت میں تبدیل کرنا بدترین سیاسی انتقام کی مثالیں ہیں۔ آج ملک میں آئین مفلوج، عدلیہ غلام، جمہوریت معطل اور انسانی حقوق بری طرح پامال ہو چکے ہیں۔

ذیشان حیدر نے سردار عبدالقیوم نیازی کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ گرفتاری دراصل 5 اگست کے احتجاج کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے، لیکن ہم واضح کرتے ہیں کہ تحریک انصاف کے کارکنان اور عوام ان اوچھے ہتھکنڈوں سے نہ کبھی ڈرے ہیں نہ ڈریں گے۔ ہم ظلم، فسطائیت اور سیاسی یزیدیت کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے اور تاریخی احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔”

پریس کانفرنس میں موجود دیگر رہنماؤں نے بھی احتجاجی تحریک کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے ضلعی، ڈویژنل اور حلقہ جاتی عہدیداران موجود تھے، جن میں شامل تھے، آصف اقبال مغل (ڈویژنل سینئر نائب صدر)، علی قمر اعوان (ڈویژنل ایڈیشنل جنرل سیکرٹری)، صاحبزادہ عمران پذیر (ضلعی صدر)، زین گیلانی (ضلعی سیکرٹری جنرل)، شیخ وقار (حلقہ چیف)، کلیم عباس کاظمی (سینئر نائب صدر)، عامر روشن اعوان (یوتھ رہنما و امیدوار اسمبلی)، حمزہ میر، ناصر اعوان، یاسر اعوان (ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ 7) اور دیگر کارکنان تھے ۔

شرکاء نے متفقہ طور پر اعلان کیا کہ 5 اگست کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت کے خاتمے اور پاکستان میں عمران خان کی سیاسی گرفتاری کے خلاف ایک اجتماعی عوامی آواز بلند کی جائے گی، جو آزادکشمیر کے ہر شہر، قصبے، اور گاؤں میں گونجے گی۔

غیر ملکی یونیورسٹیوں میں داخلوں کیلئے انٹرمیڈیٹ سرٹیفکیٹس جلدتسلیم کرنے کا امکان

Scroll to Top