آزادکشمیر میں بارشوں کا نیا سپیل شروع، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

آزادکشمیر سمیت ملک کے بعض علاقوں میں آج چار اگست سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے بعض علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ شمال مغربی بلوچستان پر موجود ہے اور مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں پر اثرانداز ہو رہی ہیں جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ملک کے بالائی علاقوں میں موجود ہے۔

آج کشمیر ، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مغربی پنجاب اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہو سکتی ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں 4 اگست سے طوفانی بارشیں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ! الرٹ جاری

پرسوں کے موسم کے حوالے سے بھی ایسی ہی پیش گوئی سامنے آئی ہے اور محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے علاوہ بالائی اور وسطی پنجاب کے علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ ساتھ کچھ مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

چھ اگست کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس روز ملک کے زیادہ تر علاقوں میں گرمی اور حبس کا امکان ہے تاہم کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں بارش ہو گی اور تیز ہوائیں چلیں گی جبکہ بالائی اور وسطی پنجاب کے کچھ علاقوں میں بھی ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سات اگست کو بھی کشمیر خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہبازشریف کا آزادکشمیر کے بارش متاثرین کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں اور تمام اضلاع کی ایڈمنسٹریشنز کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اتھارٹی کی جانب سے لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ممکنہ بارش کے پیش نظر غیرضروری سفر سے پرہیز کریں۔

Scroll to Top