عباسپور(کشمیر ڈیجیٹل)مسلم لیگ ن کاپاور شو، چوہدری یاسین گلشن کی پوزیشن مزید مستحکم ۔ عباسپور کی سیاست میں بڑا بریک تھرو، سردارعبدالقیوم نیازی کے قریبی ساتھی ، معروف سیاسی، سماجی و صحافتی شخصیت اور سابق امیدوار اسمبلی چوہدری احمد رشید ساگر نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت غیر مشروط طور پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
شمولیتی تقریب کے موقع پر مسلم لیگی کارکنان کی بڑی تعداد نے چوہدری احمد رشید ساگر کو ان کی رہائش گاہ سے ایک ریلی کی صورت میں میلاد چوک تک لایا، جہاں سابق وزیر چوہدری محمد یاسین گلشن نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔
بعد ازاں ریلی گلشن ہاؤس پہنچی، جہاں باقاعدہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔خطاب کرتے ہوئے چوہدری احمد رشید ساگر نے واضح کیا کہ آئندہ انتخابات میں وہ سابق وزیر مال چوہدری محمد یاسین گلشن کی مکمل حمایت کریں گے۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کا فارم آزادکشمیر میں ساتویں نمبر پر بھر کر ابتدا ہی سے پارٹی کے ساتھ وابستگی اختیار کی تھی۔ بعض وقتی اختلافات کی بنیاد پر وقتی طور پر علیحدگی اختیار کی مگر اب وہیں سے دوبارہ آغاز کرتے ہوئے پارٹی اور چوہدری یاسین گلشن کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2026 کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی یقینی ہے اور چوہدری محمد یاسین گلشن چوتھی مرتبہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں سردار قیوم نیازی کی حمایت ایک مجبوری تھی، لیکن اُن کی حکومت نے برادری ازم اور اقرباء پروری کے سوا کچھ نہیں دیا۔
چوہدری رشید ساگر نے مسلم لیگ (ن) کے ناراض کارکنوں کو پیغام دیا کہ ٹکٹ کے حصول کی خواہش رکھنا سب کا حق ہے اگر چوہدری یاسین گلشن کو ٹکٹ نہ ملنا ہوتا تو وہ خود اس کے حقدار تھے۔
انہوں نے واضح کیا کہ قیادت کے پاس صرف چوہدری یاسین گلشن کی سی وی موجود ہے، جو ہر معیار پر پورا اترتے ہیں، لہٰذا پارٹی کو تقسیم کی بجائے متحد ہو کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر انہوں نے اسامہ زاہد کو پہچاننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جسے اپنے گاؤں کے لوگ بھی نہیں جانتے، وہ اسمبلی کی نمائندگی کیسے کر سکتا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر مال چوہدری محمد یاسین گلشن نے چوہدری احمد رشید ساگر کو مسلم لیگ (ن) میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی واپسی پارٹی کیلئے نیک شگون ہے۔
ہم ایک ہیں اور ایک رہیں گے، اور ان شاء اللہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) تن تنہا حکومت قائم کرے گی۔تقریب سے چوہدری محمد شفیق ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا اور چوہدری ساگر کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا۔
عباسپور کی سیاسی فضا میں اس شمولیت کو بڑا دھچکا اور بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس نے حلقے کی سیاسی بساط کو ایک بار پھر متحرک کر دیا ہے۔
مظفرآباد : اسسٹنٹ کمشنر کا گیس قیمتوں میں اضافے کیخلاف کریک ڈاؤن، متعدد دوکانیں سیل