کوٹلی، سانپ کے ڈسنے سے 24گھنٹوں میں2بجوں سمیت3جاں بحق

کوٹلی: ضلع کوٹلی میں 24گھنٹوں کے دوران سانپ کے ڈسنے سے دو بچوں سمیت3افراد جاں بحق ہوگئے لیکن کسی کو نوٹس لینے کی توفیق نہ ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق کوٹلی کے نواحی علاقے منیل کالونی کے ملک شبیر کا جواں سالہ بیٹادانیال شبیر زہریلے سانپ کے کاٹنے سے جاں بحق ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق دانیال کو بروقت ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ممکنہ طور پر ڈاکٹرز نے غلط انجکشن لگایا جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔

نوجوان کے جاں بحق ہونے پر اس کے لواحقین نے سڑک بلاک کرکے شدید احتجاج کیا۔

گزشتہ روز کوٹلی کی یونین کونسل چوکی مونگ کے علاقے کس گجراں میں سانپ کے کاٹنے سے کمسن بہن بھائی جاں بحق ہوگئے تھے

انعام الحق کے دو کمسن بچوں کو زہریلے سانپ نے کاٹ لیا جو جانبر نہیں ہوسکے تھے۔جاں بحق ہونیوالے بہن بھائیوں کی عمریں 6اور8سال تھیں۔

ساون کے ماہ (برسات کے موسم) میں سانپوں کے ڈسنے کے واقعات زیادہ ہو جاتے ہیں، بارش کے باعث سانپوں کے بل پانی سے بھر جاتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ کھلے مقامات پر نکل آتے ہیں۔

گھاس ، جھاڑیاںہونے کی وجہ سے یہ نظر بھی نہیں آتے، سانپ جھاڑیوں وغیرہ میں چھپ کر ہی شکار تلاش کرتے ہیں۔

احتیاطی تدابیر

شہریوں کو برسات کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں،گھاس یا جھاڑیوں والے علاقوں میں مضبوط جوتے پہن کر جائیں۔

گھروں کے اردگرد جھاڑیاں صاف رکھیں اور سوراخ بند کریں۔کھلے آنگن یا صحن میں سونے کے بجائے محفوظ جگہ پر سوئیں۔لکڑی، اینٹوں یا سامان کے ڈھیروں کو احتیاط سے ہٹائیں۔

سانپ کاٹ لے تو کیا کریں؟

متاثرہ شخص کو زیادہ حرکت نہ کرنے دیں تاکہ زہر جسم میں تیزی سے نہ پھیلے۔کاٹے گئے حصے کو دل کی سطح سے نیچے رکھیں۔

کسی بھی قسم کی کٹائی یا چوسنے کی کوشش نہ کریں۔فوراً قریبی اسپتال یا طبی مرکز جائیں، جہاں اینٹی وینم (Anti-venom) دستیاب ہو۔

Scroll to Top