جماعت اسلامی آزادکشمیر کا 5اگست کو ’’ یوم تحفظ کشمیر‘‘ منانے کا اعلان

مظفرآباد: امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان ڈاکٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 5 اگست کو ’’یوم تحفظ کشمیر‘‘ کے طور پر منائے گی۔

سینٹرل پریس کلب مظفرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مشتاق خان نے کہا کہ ہم بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کے اقدام کو کسی صورت قبول نہیں کرتے، جس کے ذریعے مودی سرکار نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضے کی راہ ہموار کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت اب تک 4.2 ملین سے زائد غیر ریاستی افراد کو کشمیر میں بسا چکا ہے اور درپردہ استصوابِ رائے کو سبوتاژ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

ڈاکٹر مشتاق نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان سفارتی محاذ پر مؤثر کردار ادا کرے، کشمیر کیلئے خصوصی نمائندہ مقرر کیا جائے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے استعمال کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام کشمیری خواہ گلگت بلتستان، مظفرآباد، سری نگر یا دنیا بھر میں مقیم ہوں، استصوابِ رائے میں حصہ لینے کا حق رکھتے ہیں، اور اس مقصد کے لیے ریاستی باشندوں کا جامع ڈیٹا بیس مرتب کرنا ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی کا آزادکشمیر میں ایک لکھ نوجوانوں کو فری لانسنگ کی ٹریننگ دینے کا اعلان بھی کیا۔

ن لیگ کی کونسلر غزالہ اشرف جماعت اسلامی میں شامل ،حلقہ7سے الیکشن لڑنے کا اعلان

مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ ضلع جہلم ویلی کی صدر، ممبر ضلع کونسل غزالہ اشرف اعوان نے جماعت اسلامی میں شمولیت اور آئندہ انتخابات میں حلقہ7سے جماعت اسلامی کے ٹکٹ الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔

امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے غزالہ اشرف کو جماعت اسلامی کا امید وار اسمبلی نامزد کیا۔

یاد رہے کہ غزالہ اشرف جہلم ویلی سے مسلم لیگ (ن) کی ڈسٹرکٹ کونسلر تھیں اور عرصہ سے اختلافات کے باعث ناراض تھیں ، اب وہ جماعت اسلامی میں شامل ہو گئی ہیں۔

ڈاکٹر مشتاق خان کی انتخابی مہم راجہ فاروق حیدرکیلئے خطرہ بن سکتی ہے کیونکہ سابق انتخابات میں راجہ فاروق حیدر چند سوووٹوں سے جیتے تھے۔

Scroll to Top