ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز،سعید اجمل کی تباہ کن بولنگ،آسڑیلیا کو10وکٹوں سے شکست دیدی

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان چیمپئنز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا چیمپئنز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔

انگلینڈ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن پاکستان کی بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 12 ویں اوور میں صرف 74 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔بین ڈنک 26 اور فرگوسن 10 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں اور نیا ریکارڈ قائم کیا۔اس کے علاوہ عماد وسیم نے 2، سہیل خان اور سہیل تنویر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: لیجنڈز لیگ،پاکستان کی دوسری کامیابی، جنوبی افریقہ کو 31رنز سے شکست دیدی

آسٹریلیا کا 75 رنز کا ہدف پاکستان نے با آسانی 8 ویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔شرجیل خان 32 اور صہیب مقصود 28 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

واضح رہے کہ پاکستان چیمپئنز کی یہ ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی ہے۔گرین شرٹس ایونٹ میں ناقابل شکست ہیں۔بھارت کے خلاف میچ منسوخ کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی کے باعث پاک بھارت لیجنڈز میچ منسوخ

آسٹریلیا کے خلاف 10 وکٹوں کی شاندار فتح کے ساتھ پاکستان چیمپئنز پوائنٹس ٹیبل پر 5 میچز میں 9 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ آسٹریلیا 5 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

دونوں ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔

Scroll to Top