ٹرمپ جب بھی جنگ رکوانے کا بیان دیتے ہیں مودی کے زخم تازہ ہوجاتے ہیں، شہبازشریف

لاہور:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر جب جب پاک بھارت جنگ رکوانے سے متعلق بیان دیتے ہیں تو مودی کے زخم دوبارہ تازہ ہوجاتے ہیں۔

لاہور میں پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد بار اس بات کا اعتراف کیا کہ ہم نے جنگ رکوائی، امریکی صدر جب کہتے ہیں کہ پاک بھارت جنگ ہم نے رکوائی تو مودی کے زخم دوبارہ تازہ ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شکست خوردہ بھارت کو اقوام عالم میں ذلت آمیز رسوائی کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن،پاک امریکہ تعلقات نئے دورمیں داخل ہونے جا رہے ہیں، ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہو چکی جبکہ ریلوے میں مثبت تبدیلی نظر آ رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ریلوے کی شاندار بحالی پر وزیر ریلوے حنیف عباسی کی پذیرائی کریں گے۔ ملکی ترقی کیلئے ہمیں محنت اور دیانت کو اپنا شعار بنانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاک بزنس ٹرین میں صرف اشرافیہ کیلئے ہی نہیں بلکہ عام آدمی کے لیے یورپی ریلوے کی طرز پر شاندار سفری سہولیات فراہم کی گئی ہیں، ٹکٹ کا پرانا نظام ختم کر کے جدید ڈیجیٹائز سسٹم متعارف کرایا گیا ۔

یہ بھی پڑھیں: 10 لاکھ بھارتی فوج کی سفاکیت کشمیریوں کے عزم کو توڑنے میں ناکام ہے،وزیراعظم شہبازشریف

مسافر لاؤنج ،استقبالیہ ڈیسک اور ٹرین میں یورپ کی طرز پر مسافروں کے لیے شاندار انتظامات پر وزیر ریلوے کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ دنیا میں ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی فراہمی میں ریلوے کا کلیدی کردار ہے، میرا مان بڑھایا ،ریلوے کی بہتری کے حوالے سے آج میرا خواب شرمندہ تعبیر ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ابھی پہلا قدم ہے ابھی منزلیں بہت ہیں ،ملک کے دیگر شہروں میں بھی اس طرح کی ٹرینیں چلائیں گے، اداروں کی بہتری اور ملکی ترقی کے لیے ہمیں دن رات کام کرنا ہے

وزیر اعظم نے کہاکہ ریلوے کی بہتری کیلئے خدمات کا کریڈٹ خواجہ سعد رفیق کو بھی جانا چاہیے، پی ڈی ایم دور میں خواجہ سعد رفیق نے بھی ریلوے کو بہتر انداز میں چلانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ میں ایک ایک لمحے کا گواہ ہوں،پاکستان نے بھارت کو جنگ میں تاریخی شکست دی،یہ پاکستان کی سفارتی کامیابی کی زندہ مثال ہے۔

انہوں نے کہاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد بار کہا کہ ہم نے جنگ رکوائی،امریکی صدر جب کہتے ہیں کہ پاک بھارت جنگ ہم نے رکوائی تو مودی کے زخم دوبارہ تازہ ہو جاتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ہمارے ایٹمی اثاثے قومی سلامتی کے ضامن ہیں، دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: 9 مئی کوامریکی نائب صدر ڈی جی وینس نےفون کرکے کہا کہ پاکستان آپ پر بڑا حملہ کرنیوالا ہے، مودی کاانکشاف

ملکی معاشی حالات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عسکری فتح کے ساتھ ساتھ معاشی میدان میں بھی کامیابی ملی ہے، حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی میں واضح کمی آئی ہے۔

افراط زر کی شرح میں5 فیصد کمی آئی ہے، معاشی اعشاریے بہتری کی طرف گامزن ہیں اور یہ معاشی کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آنے والے دنوں میں معاشی میدان میں مزید کامیابیاں حاصل ہوں گی۔ چین پاکستان شاندار تعلقات کے حوالے سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہیں، چین کے ساتھ سی پیک فیز 2 کے لیے پوری طرح کوآرڈینیشن ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ امریکا کے ساتھ از سر نو تعلقات استوار کئے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top