مظفرآباد:پولیس اہلکاروں کی ہڑتال روکنے میں ناکامی پر پونچھ سمیت کئی اضلاع میں افسران تبدیل کردیئے گئے ہیں جس کا سروسراینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ضلع باغ راجہ محمد اکمل خان کو تبدیل کر کے مرکزی دفتر پولیس کیساتھ منسلک کردیاگیا جبکہ سپر نٹنڈنٹ پولیس بھمبر محمد امین کو تبدیل کر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس باغ تعینات کردیاگیا ہے۔
سپر نٹنڈنٹ پولیس جہلم ویلی مرزا از اہد حسین کو تبدیل کر کے مرکزی دفتر پولیس کیساتھ منسلک کردیا گیا۔حال ہی میں ترقی پانے والے ایس ایس پی میرپور خاور علی شوکت کو ایس ایس پی پونچھ تعینات کردیا گیا۔
سپرنٹنڈنٹ پولیس کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ خرم اقبال کو تبدیل کر کے بخلاف آسامی سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس میر پور تعینات کردیا گیاہے۔
سپرنٹنڈنٹ پولیس ریز رو سید عباس علی شاہ کو تبدیل کر کے سپرنٹنڈنٹ پولیس جہلم ویلی مرزا زاہد حسین کی جگہ تعینات کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈپٹی سیکرٹریزکے تبادلے،حنا الطاف محکمہ سروسز،بینش جرال مالیات میں تعینات
اسی طرح ایس پی حویلی عطاءالرحمن کو تبدیل کر کے مرکزی دفتر پولیس کیساتھ منسلک کرنے کے احکامات صادر کردیئے گئے ہیں۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس میر پور عامر شہزاد نوابی کو تبدیل کر کے سپر نٹنڈنٹ پولیس حویلی تعینات کردیاگیا ۔
محکمہ پولیس حکام کے مطابق سینئر سپر نٹنڈنٹ پولیس ضلع پونچھ محمد ریاض مغل کو تبدیل کر کے سپرنٹنڈنٹ پولیس ریز روتعینات کردیا گیا ۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پولیس اہلکاروں نے ہڑتال کی تھی جس پر آئی جی آزادکشمیر نے بھی کہا تھا کہ فورس نے مجھے شرمندہ کردیا ہے، مطالبات پورے کئے جائیں گے۔
پونچھ میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا تھا اب وہاں ایس ایس پی ریاض مغل کی جگہ نوجوان ایس ایس پی خاور علی شوکت کو تعینات کیا گیا ہے۔