آزادکشمیر کے سابق وزیر حکومت وپی پی رہنما محمد طاہر کھوکھر نے جعلی باشندہ ریاست کی منسوخی کیلئے عوام، سیاسی سماجی، قوم پرست جماعتوں ایکشن کمیٹیوں سے رابطے کا فیصلہ کر لیا۔
طاہرکھوکھرنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جعلی باشندہ ریاست سنگین مسئلہ بن چکا ہے ،جعلی باشندہ ریاست پر آزاد کشمیر میں 4ایم ایل ایز موجود ہیں، ایک ڈپٹی سپیکر اور دو وزیر بھی ہیں اس سے بڑا المیہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہاجرین مقیم پاکستان کے نام پر کچھ عناصرنے اپنے اقتدار اور سیاست کو زندہ رکھنے اور دوام دینے کیلئے ایسے لوگوں کو لایا جو مہاجرین مقیم پاکستان نہیں بلکہ غیر ریاستی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرلیا گیا
یہ ایم ایل ایز کشمیری عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک کر مقدس ایوان میں براجمان ہیں، ہم ہر محاذ پر باشندہ ریاست کا تحفظ اور دفاع کریں گے۔
طاہر کھوکھر نے کہا کہ ہم تین سال سے باشندہ ریاست کیلئے اعلی عدلیہ سمیت ہر فورم پر جنگ لڑ رہے ہیں ، پوری کشمیری قوم کیلئے وقت ہے وہ ایک ہو کر باشندہ ریاست کے تحفظ کیلئے آواز کو بلند کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم جعلی سٹیٹ سبجیکٹ بنانے والوں اور ان کے سہولت کاروں بے نقاب کریں گے اور قرار واقعی سزا دلوائیں گے، ہمار اضمیر زندہ ہے ہم اپنے باشندہ ریاست کا تحفظ کریں گے ۔