نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 28 جولائی سے 31 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے نے آزاد کشمیر ، پنجاب، خیبرپختونخوااورگلگت بلتستان کے لیے موسمی صورتحال سے متعلق الرٹ جاری کیا ہے۔
ان علاقوں میں 31 جولائی کے دوران متوقع بارشوں کے سبب سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مظفرآباد، وادی نیلم اور باغ میں بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چین: ایک دن میں سال بھر کی بارش سے تباہی؛ 19ہزار افرادکا انخلاء، ایمرجنسی نافذ
مظفرآباد، باغ، پشاور، مردان، نوشہرہ اور ایبٹ آباد جیسے شہری علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔ گلگت، اسکردو، ہنزہ، شگرمیں بھی سیلاب کا خدشہ ہے،
پنجاب کے اضلاع سرگودھا، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد، لاہور اور نارووال میں شدید بارشیں متوقع ہیں، جبکہ جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور رحیم یار خان میں درمیانے درجے کی بارشیں اور پہاڑی نالوں میں تیز بہاؤ کا خدشہ ہے۔
دریائے سوات، پنجکوڑہ، بارہ اور کلپانی نالہ میں پانی کی سطح بلند ہونے کی توقع ہے، جس کے باعث دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر بہاؤ میں اضافہ ممکن ہے۔
چترال، بونی اور ریشون میں گلیشیئر کے پگھلنے اور ممکنہ بارشوں کی وجہ سے دریائے چترال میں بھی پانی کی سطح بڑھ سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ممکنہ صورتحال کے پیش نظر پیشگی اقدامات کریں، اہلکار، مشینری اور ریسکیو ٹیمیں الرٹ رکھیں ۔