مظفرآباد:عدالت العالیہ کے احکامات کی روشنی میں آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے غیر معیاری گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف شکنجہ کس لیا۔
فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے سیکرٹریٹ بازار، گھڑی پن اور دومیل بازار سمیت مختلف علاقوں میں گوشت کی دکانوں کا اچانک معائنہ کیا۔
دوران معائنہ صفائی ستھرائی، گوشت کے معیار، گوشت رکھنے کے طریقہ کار، اور فوڈ ہینڈلرز کی ذاتی صفائی کا بغور جائزہ لیا گیا۔
یاد رہے گوشت بغیر ڈھانپے کھلا رکھنے سے مکھیاں، گرد و غبار، آلودگی اور جراثیم کی زد میں آجاتا ہے، جو نہ صرف اس کے معیار کو متاثر کرتا ہے بلکہ انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
غیر محفوظ گوشت سے فوڈ پوائزننگ، معدے کی بیماریاں، ہیپاٹائٹس اور دیگر انفیکشنز کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد:پلاسٹک کنٹینرز میں زہریلے جوس کی منتقلی بے نقاب
معائنہ کے دوران متعدد قصابوں کو فوڈ اتھارٹی کی جانب سے وضع کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا، جس پر انہیں موقع پر ہی جرمانے عائد کئے گئے۔
کئی دکانداروں کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے تاکہ وہ فوری طور پر اپنی خامیوں کو دور کریں۔
فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق عوام کو معیاری، صاف ستھرا اور محفوظ گوشت کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے یہ کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
ٹیموں نے دکانداروں کو متنبہ کیا کہ آئندہ معائنوں کے دوران خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جس میں دکانیں سیل کرنے اور قانونی چارہ جوئی شامل ہے۔
فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ لوگوں سے گزارش ہےوہ کہیں غیر معیاری یا مضرِ صحت گوشت کی فروخت دیکھیں تو فوری طور پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔