چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد نہ ہوا تو آ ئندہ الیکشن نہیں ہونے دینگے، ایکشن کمیٹی کا اعلان

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی آ زادکشمیر کے ممبران نے کہا ہے کہ حکومت فوری چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کرے، پاکستانی عوام اور کشمیری عوام کے درمیان نفرت کے بیج بونے والوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئیگا۔

ضلع باغ کی یونین کونسل جگلڑی میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شوکت نواز میر، انجم سجاد اعوان، چوہدری امتیاز اسلم ،صہیب جاوید ،ارباب ایڈووکیٹ ،سردار افتخار زمان، عمر نذیر کشمیری، عابد شاہین ،افضل کشمیری اور دیگر نے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس میں کمی کے اعلان پر عملدرآمد کیا جائے۔

ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ 75 سالوں سے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے بیرونِ ممالک کے دورے کئے جاتے ہیں لیکن کبھی یہ نہیں بتایا کیا کہ کس سے ملاقات کی، آزادکشمیراسمبلی میں جھوٹ بولا جاتا ہے۔

آ زاد کشمیر میں بجلی نظام اپ گریڈ اور کشمیر بینک کو شیڈول بینک کا درجہ دیا جا ئے، ہمیں عوامی حقوق کی بات کرنے کی پاداش میں سرکاری سکول کے گراؤنڈ میں پروگرام سے روک دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکمرانوں سے زیادہ محب وطن ہیں، عوام اب ان کا ہر جگہ پیچھا کریں گے، اگر ہمارے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو ہم آ ئندہ الیکشن نہیں ہونے دینگے

قبل ازیں نعمانپورہ سے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت کو بڑے جلوس کی قیادت میں جگلڑی تک لایا گیا اور شدید نعرے بازی کی گئی ۔ مقررین نے کہا کہ ہم اپنے بینادی حقوق کی بات کرتے ہیں ہمیں صحت، تعلیم ،روزگار دیا جائے اور یہاں ہنر مندی کے لیے ادارے قائم کئے جائیں۔

آ ٹے کی ایلوکیشن آ بادی کے تناسب سے بڑھائی جا ئے اور آ کوالٹی کو بھی بہتر کیا جا ئے ،ٹورازم کے فروغ کیلئےسڑکوں کو بھی بہتر کیا جائے ، یونین کونسل جگلڑی کی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبران نے حلف بھی اٹھا لیا۔

اس موقع پر شوکت نواز میر نے عوامی ایکشن کمیٹی کے ہر کارکن کو کہا کہ ہر کارکن اس دفعہ شجر کاری مہم کے دوران ایک پھلدار درخت لگائیں اور ساتھ ہی اپنی بنجر زمینوں کو آ بادی کرنے کیلئے اقدامات کریں ۔