اسلام آباد:نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 26 سے اب تک مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں بارشوں کے باعث 14 افراد جاں بحق اور 17 افراد زخمی ہوگئے، جس کے بعد ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر 266 افراد جاں بحق اور 628 زخمی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے نے بارشوں، سیلاب اور لینڈ لائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کردیے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں بارشوں کے باعث حادثات میں 14 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 17 افراد زخمی ہوئے، پنجاب میں 5، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں 3،3، اسلام آباد میں 2 اور سندھ میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 26 جون سے اب تک 266 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ مختلف واقعات میں 628 افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 94 مرد، 46 خواتین اور 126 بچے شامل ہیں جبکہ سب سے زیادہ 144 اموات پنجاب میں ہوئیں، خیبرپختونخوا میں 63 اور سندھ میں 25 افراد جاں بحق ہوئے، بلوچستان میں 16، گلگت بلتستان میں 8، آزاد کشمیر میں 2 اور اسلام آباد میں 8 افراد جاں بحق ہوئے۔
زخمیوں کے اعداد شمار کے مطابق پنجاب میں 488 ، خیبرپختونخوا میں 69، سندھ میں 40، بلوچستان میں 4، گلگت بلتستان میں 8، کشمیر میں 10 اور اسلام آباد میں 3 افراد زخمی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر : مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ، الرٹ جاری
این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 246 مکانات کو نقصان پہنچا اور 38 جانور پانی میں بہہ گئے، مجموعی طور پر اب تک ایک ہزار 251 مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ 366 جانور ہلاک ہوئے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری
ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، کہیں ہلکی کہیں تیز بارشوں سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال ہے۔
ملک کےمختلف علاقوں میں مون سون اسپیل کے تحت وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی تو تیزبارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بھلوال، چک جھمرہ، ننکانہ صاحب، شرقپورشریف، بہاولنگر، فاروق آباد میں بادل جم کر برسے۔
اس کے علاوہ لالیاں، میاں چنوں، پاکپتن، ساہیوال اور عارف والا میں وقفے وقفے کی بارش سے جل تھل ایک ہوگیا جبکہ چنیوٹ میں بارش سے عدالتی نظام بھی درہم برہم ہوگیا، بارش کا پانی عدالت میں داخل ہونے سے سیکڑوں کیسز کی سماعت متاثر ہوئی۔
شیخوپورہ میں بھی بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ماں بیٹا سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جبکہ جہلم میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال تاحال برقرار ہے، داراپور کے مقام پر پل ٹوٹ گیا، سڑک پانی میں بہہ گئی، سیکڑوں افراد علاقے سے نقل مکانی کرگئے، متعدد افراد کو باحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔
گلگت بلتستان میں بھی بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال جاری ہے جس میں اب تک 8 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور 10 سے زائد افراد لاپتہ ہیں ۔