خطے میں بالادستی کا بھارتی خواب چکنا چور کردینگے، سید بازل علی نقوی

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں کشمیر کے وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں سید بازل علی نقوی نے کہا کہ بنیان المصوص میں پاک فوج نے جس طرح بھارت کو شکست فاش دی اس پر پوری قوم پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے بھارتی خواب کو چکنا چور کر دیا اور پاکستان کا مقام عالمی سطح پر بلند ہوا ۔وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں سید بازل علی نقوی نے ان خیالات کا اظہار کیڈٹ کالج بٹراسی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

بازل علی نقوی کا کہنا تھا کہ بھارت خطے میں اپنی بالادستی قائم کرنے کا خواب دیکھ رہا تھا اسے یہ معلوم نہیں تھا کہ پاکستان کی قوم کس قدر غیرت مند ،جرات مند اور بہادر ہے۔۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت اور عسکری قیادت نے ساتھ مل کر جس طرح دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا ہمیں مستقبل میں بھی اسی اتحاد اور اتفاق کے ساتھ اگے بڑھنا ہے اور ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے ۔

وزیرسماجی بہبود وترقی نسواں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک پاکستان کے ساتھ محبت پیدا کریں اور سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف دشمن جو بھی پروپیگنڈا کر رہا ہے اسے ناکام بنانے کے لیے اپنا اہم کردار ادا کریں ۔

بازل علی نقوی نے کہا کہ پاکستان ہمارے دلوں میں بستا ہے کشمیری عوام اور پاکستان کا تعلق گہرا ہے انشاءاللہ الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے رہیں گے ۔

سید بازل علی نقوی نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد لازوال ہے شہدائے کشمیر کی قربانیاں بے مثال ہیں ان قربانیوں کے صدقے تحریک ازادی کشمیر زندہ ہے انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق انہیں ان کا حق خود ارادیت دیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ کس قدر تشویش کی بات ہے کہ اقوام متحدہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل درامد کرانے میں ناکام رہی ہے انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے کشمیر پر ثالثی کی پیشکش اچھی بات ہے لیکن انہیں اس پر مسلسل زور دینا چاہیے اور اس میں اپنا اہم کردار بھی ادا کرنا چاہیے

سید بازل علی نقوی نے کہا کہ طلبہ اپنی تعلیم پر توجہ دیں کیونکہ تعلیم میں ترقی سے ہی وہ زندگی میں اعلی مقاصد حاصل کر سکیں گے انہوں نے بٹراسی کیڈٹ کالج کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ یہ کالج طلبہ کو بہترین تعلیم فراہم کر رہا ہے۔

تقریب کے اختتام پر وزیر حکومت سید بازل علی نقوی کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی ۔اس موقع پر سید بازل علی نقوی نے طلباء کو انعامات بھی دئیے

مظفرآباد میں چکن فروشوں کی ہڑتال، شہریوں کا انتظامیہ سے سخت مؤقف اپنانے کا مطالبہ

Scroll to Top