رواں سال یوم آزادی’’معرکہ حق‘‘کے عنوان سے منانےکا فیصلہ

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے رواں سال یوم آزادی ’’معرکہ حق‘‘ کے عنوان سے منانےکا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت منگل کے روز مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر رواں سال یوم آزادی قومی جوش و جذبےکیساتھ منانے پر مشاورت ہوئی۔

اعلامیےکے مطابق اجلاس میں آئی ایس پی آر،وزارت اطلاعات، داخلہ، قومی ورثہ و ثقافت کے اعلیٰ نمائندوں نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: جشن آزادی وآپریشن معرکہ حق کی تقریبات کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یومِ آزادی کی تقریبات ملک بھر اور بیرونِ ملک یکساں طور پر منائی جائینگی۔

تمام تعلیمی ادارے، اسکولز اور جامعات اس دن کو قومی جذبے سے منانے کیلئے ایک ہی طرز پر تقریبات منعقد کریں گے۔ اس دن دفاعی، معاشی، ثقافتی و سائنسی ترقی کا فخر سے اظہار کیا جائیگا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے اجلاس کے دوران کہا کہ یوم آزادی قومی احیاء اور استقامت کا دن ہے۔ پاکستان بقا کی نہیں، ترقی اور قیادت کے سفر پر گامزن ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ قوم متحد ہے اور ہر سازش کو ناکام بنانے کیلئے تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پریوم تشکر،پاک افواج کو خراج تحسین

وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے اعلان کیا کہ اس دن کیلئے خصوصی ملی نغمے، پروگرامز اور ڈاکیومنٹریز تیار کی جا رہی ہیں۔

وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول نے بتایا کہ سکولوں میں مباحثے، مصوری اور دیگر سرگرمیاں ہوں گی تاکہ طلباء کو قومی جذبے سے آراستہ کیا جا سکے۔

اجلاس کے شرکاء نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ یومِ آزادی کی تقریبات شہروں سے لے کر دیہات تک ہر پاکستانی تک پہنچائیں جائیں گی۔

اس کے علاوہ بیرونِ ملک پاکستانی سفارتخانوں میں بھی اس دن کی مناسبت سے سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔

Scroll to Top