مظفرآبا:آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی نے فنانس ایکٹ 2025 کی منظوری دیدی۔ وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے فنانس بل کی منظور کے بعد تمام اتحادیوں جماعتوں، ممبران کا شکریہ ادا کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے ہماری مساجد اور نہتے لوگوں کو نشانہ بنایا جس کے بعد ہماری بہادر افواج نے دن کی روشنی میں ہندوستان کو منہ توڑ جواب دیا۔
پاکستان کا وقار بلند کرنے میں فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا کردار ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، مہاجرین 89 کی تجاویز کے مطابق کوشش ہے کہ جو کچھ ہمارے اختیار میں اس پر عملدرآمد کیاجائے اور جن امور پر وفاقی حکومت کا تعاون درکار ہے ان سے بات کریں گے۔
اسمبلی اجلاس کے دوران سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کے توجہ دلائو نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے موسٹ سینئر وزیر ووزیرداخلہ کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور نے کہا کہ پولیس کی تنخواہوں اور الائونسز میں موجود تفاوت کو دور کرینگے۔
یہ بھی پڑھیں: بجٹ مسترد،پنشنرزکا مطالبات منظوری کیلئے آزادکشمیر بھر میں احتجاج کا اعلان
موجودہ حکومت نے محکمہ داخلہ کو بھرپور وسائل فراہم کئے ہیں، پولیس کیلئے نئی گاڑیوں خریدی گئی ہیں انکی استعداد میں اضافہ کیاگیا ہے، موجودہ حکومت نے 6 نئے تھانے بنائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کے راشن الائونس کو تین گناہ تک بڑھایا گیا ہے تاہم اسکو مزید بڑھائیں گے۔
سابق وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان نے توجہ دلاو نوٹس پیش کرتے ہوئے کہاکہ آزادجموں وکشمیر پولیس کی تنخواہ اور الائونسز کو صوبوں کے برابر کیا جائے
اسمبلی اجلاس کے دوران توجہ دلاونوٹس پیش کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر نے کہاکہ وادی نیلم میں لیسوا کھڑاٹ مکھیاں روڈ کا کام پانچ سال سے مکمل ہو سکا اس کی تحقیقات کی جائیں جس پر وزیر شاہرات چوہدری اظہر صادق نے کہاکہ آئندہ سیشن میں اس حوالے سے تحقیقات کر کے جواب پیش کیاجائے گا۔ سپیکر اسمبلی نے اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا۔