پاکستان کو ورلڈ بینک سے ریکوڈک منصوبے کیلئے 700 ملین ڈالر قرض مل گیا

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان نے ریکوڈک منصوبے کے لیے عالمی بینک گروپ سے 700 ملین ڈالر کا قرض حاصل کر لیا، جو انڈیا کی جانب سے بھرپور مخالفت کے باوجود منظور کیا گیا۔ یہ منظوری ورلڈ بینک کے بورڈ اجلاس میں دی گئی جہاں انڈیا نے بار بار فنڈنگ رکوانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا۔

اس منصوبے کے لیے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی جانب سے 300 ملین اور انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن کی طرف سے 400 ملین ڈالر کا قرض فراہم کیا جا رہا ہے۔ یہ آئی ایف سی کی پاکستان میں کان کنی کے شعبے میں پہلی سرمایہ کاری ہے۔

ریکوڈک منصوبہ کینیڈا کی بیریک گولڈ، حکومت پاکستان اور بلوچستان حکومت کی مشترکہ ملکیت ہے۔ منصوبے کی لاگت 6.6 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے، جس میں 3.7 ارب ڈالر تینوں حصے دار فراہم کریں گے جبکہ باقی بین الاقوامی قرض دہندگان سے حاصل کیا جائے گا۔

ریکوڈک منصوبہ سالانہ 2 ارب ڈالر مالیت کی پیداوار دے گا، جو ملکی جی ڈی پی کا تقریباً 1 فیصد ہو گا۔ اس کے ساتھ ساتھ، منصوبے سے 10 ہزار تک ملازمتیں تعمیراتی مرحلے میں اور 3 ہزار مستقل روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

یہ منصوبہ پاکستان کی معیشت میں غیر ملکی زرِمبادلہ، کان کنی کی جدید سرمایہ کاری اور بلوچستان میں ترقی کے دروازے کھولنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

مظفرآباد، پرچی مافیا سرگرم، چونگی کی آڑ میں بھتہ وصول ، ٹرانسپورٹر تنگ آگئے

Scroll to Top