جدہ (کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کے ظہرانے میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، وزیراعظم کا خصوصی استقبال کیا گیا۔ ولی عہد محمد بن سلمان نے ان کی گاڑی خود ڈرائیو کی۔
سعودی عرب کے دو روزہ دورے کے دوران وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ظہرانے میں بطور مہمانِ خاص شرکت کی۔
سعودی ولی عہد کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی استقبال کیا گیا اور ولی عہد محمد بن سلمان خود گاڑی چلا کر وزیراعظم کو ظہرانے میں شرکت کے لیے لے کر گئے۔
ظہرانے میں دونوں رہنماؤں کے مابین غیر رسمی گفتگو ہوئی، ظہرانے میں مشرق وسطی کے اہم رہنماؤں سعودی کابینہ وعسکری قیادت بھی شریک ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات بھی کی، دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دی۔
منیٰ پیلس میں ہونے والی ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حج 2025 کی شاندار کامیابی پر ولی عہد کو مبارک باد دی اور سعودی حکومت کی میزبانی کو سراہا۔
ملاقات میں دونوں ملکوں کے دیرینہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔ سعودی ولی عہد کی جانب سے شاندار استقبال پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا مظہر ہے۔
اس سے قبل وزیرِاعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔
پاکستان وفد کیلئے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔