مظفرآباد: ہلال احمر آزادکشمیر کے زیر اہتمام دو روزہ ایمرجنسی رسپانس تربیت اختتام پذیر، دو روزہ جاری رہنے والی تربیت کا انعقاد ہلال احمر آزاکشمیر کے ہیڈ کوارٹرز مظفرآباد میں کیا گیا۔
ایمرجنسی تربیت میں مظفرآباد سے 28رضاکاروں اور ایمرجنسی ریسپانس یونٹس کے ممبران نے حصہ لیا۔ تربیت کا مقصد رضاکاران اورایمرجنسی ریسپانس یونٹس کی صلاحیتوں اور استعداد کار کو بہتر بنانا تھا۔
بھارت سے حالیہ کشیدگی کے بعد ہلال احمر کے رضاکار ایل اوسی پر متحرک ہیں اور متاثرہ لوگوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ابتدائی طبی امداد، سائیکالوجیکل فرسٹ ایڈ، محفوظ رویوں سے متعلق آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔
تربیت کے دوران رضاکاران کو ریڈ کراس تحریک تاریخی پس منظر، بنیادی اصولوں، آئی سی آرسی، آئی ایف آر سی اور نیشنل سوسائٹیز کے کردار، خاندانی روابط کی بحالی، محفوظ رویوں سے متعلق آگاہی دی گئی
رضاکاروں کو یوتھ اینڈ والنٹیئر سروسز، زخم اور خون بہنے کی صورت میں ابتدائی طبی امدادفریکچر کی صورت میں ابتدائی اقدامات سے نبرد آزما ہونے، زخمیوں کو فوری بنیادی طبی امداد کی فراہمی،ہسپتال منتقلی، ٹراما فرسٹ ایڈ،مہارتیں سکھائی گئیں۔
علاوہ ازیں تربیت کے اختتام پر رضاکاران اور سپانس یونٹس کے ممبران نے عملی مشقوں کا مظاہر ہ بھی کیا۔ سیکرٹری ہلال احمر آزادکشمیر نے عملی مشقوں کے مظاہرہ دیکھا۔
سیکرٹری ہلال احمر آزادکشمیر گلزار فاطمہ کاکہنا تھا کہ موجودہ حالات واقعات کے تناظر میں ہلال احمر پورے آزادکشمیر میں ہنگامی حالات سے نبرد آزما ہونے کے لئے تربیتوں کا انعقاد کر رہا ہے۔
پہلے مرحلے میں 28رضاکاروں کو مظفرآباد میں تربیت فراہم کی گئی ہے تاکہ یہ لوگ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمات بطریق احسن سر انجام دے سکیں۔
گلزار فاطمہ نے کہاکہ ضلع نیلم ویلی، جہلم ویلی، پونچھ، کوٹلی، وبھمبر میں بھی ان تربیتوں کا انعقادکیا جارہا ہے جس سے رضاکاران کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری آئے گی۔
دو روزہ تربیت کے اختتام پر شرکاء تربیت میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک ، بھارت کشیدگی،نیلم ویلی کے سکولوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئےتربیت کا آغاز




