پاک فوج سیاچن سے بحیرہ عرب تک دفاع وطن کیلئے مکمل تیار

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد سیاچن سے لے بحیرہ عرب کے پانیوں تک پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کے لیے مکمل تیار ہیں، بھارت نے پاکستان کی علاقائی سالمیت کو چیلنج کیا تو بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی قوم اور افواج پاکستان تیار ہیں،کسی بھی بھارتی جارحیت کی صورت میں دشمن کو دندان شکن جواب دیا جائے گا، دشمن کی کسی بھی مذموم کاروائی سے نمٹنے کے لیے افواج پاکستان مکمل تیار ہیں۔

پاک فوج کے جدید جنگی ساز و سامان جس میں جہاز، ٹینک اور گرجتی آرٹلری دشمن کو خاموش کرانے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں، پاکستانی مسلح افواج چھوٹے بڑے تمام جدید جنگی ہتھیاروں کیساتھ مکمل تیار ہیں۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ جب بات مادر وطن کے دفاع کی ہو تو پاکستانی قوم اور مسلح افواج دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا تھا کہ مستند انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ بھارت اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے، کسی بھی مہم جوئی کا فیصلہ کن جواب دیا جائےگا۔

Scroll to Top