مسلح جتھوں کو سپیس اور لاتعلقی بیک وقت ممکن نہیں،قانون کے مطابق کارروائی ہوگی،وزیراعظم

دھیرکوٹ:وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ راولاکوٹ میں مسلح جتھے موجود ہیں جو بچوں کو سکول نہیں جانے دے رہے ،کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے مسلح جتھوں کو سپیس دینا اور لاتعلقی بھی بیک وقت ممکن نہیں، قانون  کے مطابق کارروائی ہوگی۔

دورہ باغ پر جہالہ کے مقام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے معاملات کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر ہی حل کیا جا سکتا ہے، ہم اسمبلی میں منظور شدہ قراردادکے اصولی موقف پر قائم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگرد ایکشن کمیٹی کی انتشاری کارروائیاں،سی ایم ایچ راولاکوٹ میں 9سرجیکل ٹیکنیشنز تعینات

انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ میں گزشتہ چار ماہ سے اسکول بند ہیں، بچے اسکول اور مریض اسپتال نہیں جا پا رہے جبکہ آمد و رفت بھی متاثر ہے اور اسمبلی کے انتخابات نہیں ہو سکے۔

 انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں مسلح جتھے موجود ہیں اور دھرنے میں شریک افراد ایک طرف انہیں جگہ دے رہے ہیں اور دوسری طرف لاتعلقی کا اظہار کر رہے ہیں، جو بیک وقت ممکن نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست میں امن کا قیام اس وقت سب سے بڑی ضرورت ہے، کیونکہ میڈیکل کالج کی رجسٹریشن منسوخ ہونے کے قریب ہے اور طلبہ یونیورسٹی سے مائیگریشن لے رہے ہیں۔ آخر وہ کون سی ضروری چیز ہے جس کے لیے ان تمام مفادات پر سمجھوتہ کیا جائے۔

وزیراعظم نے 16ویں آئینی ترمیم اور آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے سے متعلق زیرِ گردش قیاس آرائیوں پر گفتگو کرتے ہوئے  واضح کیا ہے کہ اس حوالے سے اسمبلی کے فلور پر دوٹوک مؤقف بیان کیا جا چکا ہے اور اب مزید وضاحت کی ضرورت نہیں رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تمام حدیں پار ،دہشتگرد ایکشن کمیٹی کے جتھوں نے ریاست کیخلاف اسلحہ اٹھا لیا، دھمکیاں،عوام نے آپریشن ناگزیر قرار دیدیا

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر معاملہ کو اچھالا گیا جو اب ختم ہو چکا ہے، تاہم انہی باتوں کے باعث اسمبلی میں وضاحت دینا پڑتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتشار پھیلانے والی باتوں پر پالیسی واضح ہے کہ نہ صوبہ بننے کی کوئی بات ہے اور نہ ہی کوئی ایسی دوسری تجویز زیر غور ہے۔