وادی نیلم: بچوں سےملنے کی تڑپ : بارہمولہ کا رہائشی دریائے نیلم عبور کرتے ہوئے جاں بحق

وادی نیلم ( کشمیر ڈیجیٹل ) گزشتہ روز لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر واقع کیرن کے قریب دریائے نیلم سے ملنے والی لاش کی شناخت اور اس کی موت کا معمہ حل ہو گیا ۔

تفصیلات کے مطابق متوفی عرفان حسین شاہ ولد غلام حسین شاہ کا تعلق مقبوضہ کشمیر کے علاقے بارہمولہ سے تھا جن کے والدین پہلے ہی وفات پا چکے ہیں۔

متوفی کی شادی 2002ء میں آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے علاقے چکار میں ہوئی تھی جس کے بعد وہ 2008ء میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ براستہ نیپال مقبوضہ کشمیر چلے گئے تھے۔

تاہمپاک بھارت کشیدگی میں اضافے اور بھارتی حکومت کے فیصلے کے بعد جب آزاد کشمیر سے مقبوضہ کشمیر میں بیاہی جانے والی خواتین کی جبری بے دخلی عمل میں لائی گئی تو متوفی کی اہلیہ اور بچوں کو بھی ڈی پورٹ کر کے مظفرآباد بھیج دیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ساجد عباسی کا اپنی جیب سے حلقہ میں 100کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کا اعلان

اپنے بیوی بچوں سے جدائی اور کوسوں دوری کے باعث متوفی شدید ذہنی کرب اور اضطراب میں مبتلا تھےجبکہ سرحدی بندش کی وجہ سے ان کا اپنے اہلِ خانہ سے قانونی طور پر ملنا ناممکن ہو گیا تھا۔

بچوں سے ملاقات کی شدید خواہش نے متوفی کو اس خونی لکیر کو عبور کرنے پر مجبور کر دیا۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب 22 اور 23 نومبر کو متوفی نے کیرن زیرو پوائنٹ کے مقام سے پیدل دریائے نیلم عبور کر کے آزاد کشمیر آنے کی کوشش کی۔

تاہم دریا کا یخ بستہ پانی اور تیز بہاؤ ان کی راہ میں رکاوٹ بن گیا اور وہ جان کی بازی ہار گئے۔ دریائے نیلم کے عین وسط سے مقبوضہ کشمیر کے شہری جس کے جیب سے ملنے والے کارڈ کے مطابق وہ بھارتی سرکار میں انکم ٹیکس کا ملازم تھا کی لاش برآمد ہوئی۔

ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) نیلم نے پاک فوج کے اشتراک سے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے میت کو دریا سے نکال کر ڈی ایچ کیو ہسپتال نیلم منتقل کر دیا ۔

افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی آزاد کشمیر (پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر) کے علاقے چکار، مظفرآباد سے متوفی کی اہلیہ اور بچے اپنے پیارے کی میت وصول کرنے کیلئے وادی نیلم پہنچ گئے ۔

دوسری جانب، بھارت کے زیرِ قبضہ کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں مقیم متوفی کے بھائی اور دیگر عزیز و اقارب بھی میت کے حصول کیلئے کوشاں ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:چکار کے4 بڑے منصوبے 100 روزہ پلان میں شامل کرنے کامطالبہ زورپکڑ گیا

ضلعی انتظامیہ نیلم کے مطابق اس معاملے پر انڈو پاک ہاٹ لائن پر رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے دفاترِ خارجہ کے درمیان باہمی مشاورت اور سفارتی رابطوں کے بعد ہی یہ حتمی فیصلہ کیا جائے گا کہ میت کو چکار میں مقیم بیوی بچوں کے حوالے کیا جائے یا بارہمولہ میں مقیم دیگر ورثاء کے سپرد کیا جائے۔

ادھر متوفی کی اہلیہ اور بچوں نے پاک فوج اور دفترِ خارجہ سے درد مندانہ اپیل کی کہ میت ان کے حوالے کی جائے تاکہ وہ اپنے پیارے کی تدفین خود کر سکیں۔

فی الحال یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ تدفین کہاں اور کس کے سپرد کی جائے گی۔ لائن آف کنٹرول پر پیش آنیوالا کرب ناک واقعہ منقسم کشمیری خاندانوں کے المیے کی ایک دردناک تصویر  بن گیا۔

جہاں ایک باپ اپنے بچھڑے ہوئے بیوی بچوں سے ملنے کی حسرت لئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ اب اس کی تدفین بھی دو حصوں میں بٹے خاندان کے درمیان ایک کڑا امتحان اور معمہ بن چکی ہے۔

اگر متوفی کی تدفین آزاد کشمیر میں ہوتی ہے تو بھارت کے زیرِ قبضہ کشمیر میں مدفون ان کے والدین اور وہاں مقیم بہن بھائی و رشتہ دار آخری دیدار، نمازِ جنازہ اور قبر پر حاضری سے محروم رہ جائیں گے۔

اس کے برعکس، اگر میت سرحد پار رشتہ داروں کے حوالے کی جاتی ہے تو یہاں مقیم معصوم بچے اور بیوی عمر بھر اپنے والد اور شریکِ حیات کی قبر دیکھنے کو ترستے رہیں گے۔

لائن آف کنٹرول کی اس خونی لکیر نے ایک بار پھر خون کے رشتوں کو بے بسی کی تصویر بنا دیا ہے۔