کشمیر جرنلسٹس فورم کا تاریخی اقدام، صحافیوں کا کٹاس راج اور کھیوڑہ کا مطالعاتی دورہ

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)کشمیر جرنلسٹس فورم (کے جے ایف) کی منتخب باڈی کے زیر اہتمام صحافیوں کیلئے تاریخی اقدام، صحافیوں کے وفد کو کٹاس راج اور کھیوڑہ کا مطالعاتی دورہ کروایا گیا۔

دورے کا مقصد صحافی برادری کو خطے کے قدیم تاریخی ورثے، تہذیب و ثقافت، فن تعمیر، سائنسی تاریخ اور مذہبی رواداری سے آگاہ کرنا تھا۔

دورے کے پہلے مرحلے میں وفد نے کوہِ نمک کے دامن میں واقع قدیم تاریخی مقام کٹاس راج مندر کا دورہ کیا جہاں شرکاء کو اس تاریخی کمپلیکس کی مذہبی، تہذیبی اور علمی اہمیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ کٹاس راج کمپلیکس کے آثار ساتویں سے دسویں صدی عیسوی کے ہندو شاہی دور سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ اس مقام کی تاریخی روایات کا تعلق مہابھارت اور بدھ مت کی قدیم تاریخ سے بھی جوڑا جاتا ہے۔

کمپلیکس میں واقع سات مندروں پر مشتمل ‘ست گھرا’ کا فن تعمیر قدیم کشمیری طرز تعمیر سے گہری مماثلت رکھتا ہے، جس میں نوکدار چھتیں، خوبصورت ستون اور محرابیں نمایاں ہیں۔

وفد کو کمپلیکس کے وسط میں واقع قدیم مقدس تالاب اور چشمے کی تاریخی روایات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ یہ مقام معروف مسلم سائنسدان اور مورخ ابوریحان البیرونی کی علمی تحقیقات کے حوالے سے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

کشمیر جرنلسٹس فورم کے اراکین نے کٹاس راج کے تاریخی ورثے کی بحالی اور تحفظ کیلئے محکمہ آثار قدیمہ پنجاب اور متروکہ وقف املاک بورڈ (ETPB) کی جانب سےکئے گئےاقدامات کو سراہا گیا۔

ایسے مطالعاتی دورے نہ صرف صحافیوں کے علمی و تاریخی شعور میں اضافے کا باعث بنتے ہیں بلکہ پاکستان کے مثبت، پرامن اور سیاحتی تشخص کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

دورے کے دوسرے مرحلے میں وفد نے کھیوڑہ نمک کی کان کا دورہ کیا، جہاں ماہر گائیڈ کی زیر نگرانی صحافیوں کو کان کے مختلف حصوں، نمک نکالنے کے طریقہ کار اور اس کے تاریخی و سائنسی پس منظر سے آگاہ کیا گیا۔ شرکاء نے کان کے اندر موجود مختلف مقامات کا مشاہدہ کیا اور تاریخی و سیاحتی مناظر کو اپنے کیمروں میں محفوظ کیا۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کھیوڑہ میں نمک کی کان کنی کی تاریخ تقریباً ایک ہزار سال پرانی ہے، جبکہ 1872ء سے یہاں سائنسی بنیادوں پر ‘روم اینڈ پلر’ طریقہ کان کنی رائج ہے، جس کے تحت تقریباً 50 فیصد نمک نکالا جاتا ہے

جبکہ باقی 50 فیصد نمک کان کی مضبوطی اور پہاڑ کے استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے ستونوں کی صورت میں چھوڑ دیا جاتا ہے۔

صحافیوں کو مزید بتایا گیا کہ کوہِ نمک کا یہ عظیم ذخیرہ کروڑوں سال قبل سمندری پانی کے بخارات بن کر خشک ہونے اور بعد ازاں ارضیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں وجود میں آیا۔

وفد کے ارکان نے کان کے اندر موجود تاریخی معلومات اور جدید سائنسی انتظامات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور اس دورے کو معلوماتی اور تعلیمی اعتبار سے مفید قرار دیا۔

اس مطالعاتی و سیاحتی دورے میں کشمیر جرنلسٹس فورم کے صدر سردار عرفان سدوزئی، سینئر نائب صدر محمد اقبال اعوان، نائب صدر خالد شاہ گردیزی، جنرل سیکرٹری مقصود منتظر، سیکرٹری مالیات سردار عمران اعظم، سینئر جوائنٹ سیکرٹری سردار نثار تبسم سمیت ظہور عالم، اللہ داد صدیقی، احسن راجہ، اعجاز عباسی، زاہد اکبر عباسی، خاور نواز راجہ، غلام اللہ کیانی، حافظ ساجد چوہدری، سید خالد حسین گردیزی، ماجد افسر، نعیم الاسد، اشرف وانی، دانش ارشاد، سید مقدر شاہ، سید اظہر نقوی، مفتی عمر فاروق، اخلاق احمد، نثار احمد، عبدالعزیز ڈیگو، راجہ خالد، کاشف میر، شیخ منظور، مفتی طاہر مسعود، عدنان عباسی، ارشد اعوان، شیراز گردیزی، اسحاق ہاشمی، سردار کامران، خالد شبیر، ارشد کشمیری، عبدالرؤف بزمی،سید مظفر بخاری، ارسلان لون، محمد کبیر، راجہ رفیق، مجیب الحق، اختر حسین، غلام حسین، عمر بٹ اور بلال حسین نے شرکت کی۔

دورے کے انتظامات کی ذمہ داریاں فورم کے سیکرٹری مالیات سردار عمران اعظم نے خوش اسلوبی سے انجام دیں۔ دورے کے اختتام پر شرکاء نے صدر سردار عرفان سدوزئی، سیکرٹری مالیات سردار عمران اعظم اور فورم کی پوری منتخب باڈی کو کامیاب، منظم اور معلوماتی دورے کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافی برادری کے لیے مستقبل میں بھی ایسے علمی، تاریخی اور مطالعاتی دوروں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔