راولاکوٹ کی صورتحال پرتشویش:سردار تنویر الیاس کا امن جرگے کی حمایت کا اعلان

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و صدر استحکام پاکستان پارٹی سردار تنویر الیاس خان نے راولاکوٹ اور پونچھ کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کردیا۔

سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا کہ  علاقے میں خوف و ہراس، مسلح سرگرمیوں اور عوام کو بندوق کے زور پر یرغمال بنانے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔

مسلح عناصر ہتھیار ڈال کر امن کا راستہ اختیار کریں جبکہ حکومت اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے ریاستی رٹ اور قانون کی عملداری یقینی بنائے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جوہری تحفظ پرعالمی اجلاس،49 ممالک کے 68 مندوبین اسلام آباد پہنچ گئے

ان خیالات کا اظہار  سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ کے سینئر صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں ضلع پونچھ کی مجموعی صورتحال، امن و امان، عوامی مسائل اور آزاد کشمیر کی آئینی و سیاسی حیثیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ وہ پیر کو اسلام آباد میں منعقدہ مشاورتی وامن جرگے کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور سردار حسن ابراہیم خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سردار تنویر الیاس خان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں امن جرگے کی کوششوں کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں  کشیدگی کے خاتمے، عوام میں تحفظ کا احساس اور معمولات زندگی کی بحال کرنے کیلئے ضروری ہے کہ سیاسی عمل کو فروغ دیا جائے۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور راولاکوٹ سمیت پورے ضلع پونچھ میں امن و امان کی بحالی کو اولین ترجیح دی جائے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امن برقرار رکھنا ریاست کی ذمہ داری، فسادی جتھے کیخلاف ایکشن ناگزیر قرار

آزاد کشمیر کی آئینی و سیاسی حیثیت کے حوالے سے سابق وزیراعظم نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کو پاکستان کا صوبہ بنانے سے متعلق افواہوں اور قیاس آرائیوں کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔

پاکستان کے ساتھ نظریاتی وابستگی غیر متزلزل ہے اور نظریہ پاکستان، ملکی سلامتی و استحکام ہماری قومی وابستگی کا بنیادی حصہ ہیں۔

تاہم ریاست جموں و کشمیر کی تاریخی حیثیت اور مسئلہ کشمیر کے مسلمہ بنیادی مؤقف کا تحفظ بھی ناگزیر ہے۔ اس حوالے سے جملہ سیاسی جماعتیں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنا کام کرنے کا موقع دیا جائے تا کہ امن کی کوششوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔