لاہور: ملک بھر میں ادویات کی خرید و فروخت کرنے والے 95 فیصد میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز پر کوالیفائیڈ فارماسسٹ موجود نہیں، جس کے باعث ادویات کی فروخت اور عوامی صحت کے حوالے سے اہم سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ڈریپ اور صحت کے ماہرین کی رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں صرف 5 فیصد میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز پر مستند فارماسسٹ خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ 95 فیصد میڈیکل اسٹورز غیر متعلقہ افراد چلا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں میڈیکل اسٹورز کی قانونی حیثیت کو بنیادی طور پر دو کیٹیگریز میں تقسیم کیا جاتا ہے۔
کیٹیگری اے
اس کیٹیگری کے تحت میڈیکل اسٹور یا فارمیسی چلانے کے لیے مستند اور کوالیفائیڈ فارماسسٹ کی موجودگی لازمی ہے، جبکہ اس کیٹیگری میں متعلقہ قوانین کے تحت مختلف اقسام کی ادویات فروخت کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔
کیٹیگری بی
اس کیٹیگری کے میڈیکل اسٹورز فارمیسی ٹیکنیشن کے لائسنس پر چلائے جاتے ہیں، جہاں مخصوص اور حساس ادویات کی فروخت پر قانونی پابندیاں عائد ہوتی ہیں۔
ماہرین صحت کے مطابق ادویات کی فروخت کے شعبے میں مستند اور تربیت یافتہ عملے کی موجودگی انتہائی اہم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کا فری میڈیکل کیمپ، عوام کا زبردست خیر مقدم
فارماسسٹ نہ صرف مریضوں کو ادویات کے درست استعمال کے بارے میں رہنمائی فراہم کرتے ہیں بلکہ غلط خوراک، دواؤں کے مضر اثرات اور ممکنہ پیچیدگیوں سے بچاؤ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
رپورٹ میں سامنے آنے والے اعدادوشمار نے ملک میں میڈیکل اسٹورز کی نگرانی، لائسنسنگ اور ڈرگ قوانین پر عمل درآمد کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت اجاگر کر دی ہے۔




