ملک بھر میں چھوٹے صوبوں اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے حق میں شہریوں کی جانب سے حمایت سامنے آنے لگی۔
مختلف شہروں کے شہریوں نے نئے انتظامی یونٹس کو بہتر طرز حکمرانی، امن و امان کے قیام اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ضروری قرار دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں:نئے صوبے ، پیپلزپارٹی نہیں مانی تو بھی کوئی نہ کوئی راستہ نکلے گا، خواجہ آصف
لیہ، بہاولنگر، لاہور، ملتان، کوئٹہ اور بنوں کے شہریوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی اور انتظامی مسائل کے پیش نظر نئے صوبوں اور چھوٹے انتظامی یونٹس کا قیام وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام سے انتظامیہ کے لیے امن و امان برقرار رکھنا آسان ہوگا، جبکہ عوام کو سرکاری اداروں تک رسائی اور بنیادی سہولیات کے حصول میں بھی مشکلات کا سامنا کم کرنا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں نئے انتظامی یونٹس کا قیام بہت پہلے عمل میں آ جانا چاہیے تھا تاکہ اختیارات اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہو اور عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:نئے صوبے ناگزیر ،ہمیں مرنے سے نہ ڈرائیں، بلاول کو ہزاروں ارب روپے آنا بند ہونے کا ڈر ہے، مصطفیٰ کمال
بلوچستان کے حوالے سے شہریوں نے کہا کہ رقبے کے لحاظ سے یہ ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے، جہاں دور دراز علاقوں تک انتظامی رسائی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے چھوٹے انتظامی یونٹس کا قیام ناگزیر ہے۔
شہریوں کے مطابق نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کی تشکیل سے انتظامی معاملات میں بہتری، عوامی نمائندگی میں اضافے اور حکومتی اداروں تک شہریوں کی رسائی آسان بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔




