دہشتگردی معاملہ پر ٹھوس شواہد سامنے لانا ہوں گے، مصدق ملک کا دوٹوک جواب

نئی دہلی:  وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق مسعود ملک نے پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائی نہ ہونے سے متعلق بھارتی صحافی کے سوال پر کہا ہے کہ دہشت گردی کے معاملے پر دونوں ممالک کو ٹھوس شواہد سامنے لانے ہوں گے۔

مصدق مسعود ملک نے کہا کہ وہ اس وقت ایک کثیرالجہتی فورم میں موجود ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس فورم پر ہونے والی بات چیت منظم اور مثبت انداز میں آگے بڑھے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا میں ’’را‘‘ ایجنٹ نے سچ اگل دیا، عدالت نے 19سال قید کی سزا سنا دی

ان کے مطابق خطے کو درپیش مسائل صرف پاکستان اور بھارت کے باہمی تنازعات تک محدود نہیں بلکہ ایران، وسطی ایشیا اور افغانستان سمیت پورا خطہ مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر بات کرنے کا وقت آئے گا تو سب جانتے ہیں کہ پاکستان کے ہزاروں شہری دہشت گردی کا نشانہ بن کر شہید ہو چکے ہیں۔ اس مسئلے کے حل کے لیے شفافیت ضروری ہے اور دونوں جانب سے شواہد پیش کیے جانے چاہئیں۔

پاکستانی وزیر نے کہا کہ پاکستان متعدد مرتبہ ایک شفاف طریقہ کار قائم کرنے کی تجویز دے چکا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد بحال کرنے اور قابل عمل حل تلاش کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ضروری شواہد پیش ہی نہیں کیے جاتے۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے باعث پاکستان نے بہت بھاری نقصان اٹھایا ہے، بھارت بھی ایسے واقعات سے دوچار رہا ہے۔ پاکستان بھی ان تمام مسائل کا مستقل حل چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فضائیہ کورافیل طیاروں کی کمی کا سامنا،مودی کادعویٰ جھوٹا نکلا

انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے پر الزامات عائد کرنے یا کسی ایک واقعے تک گفتگو محدود رکھنے کے بجائے پورے خطے کے مسائل کو ٹھوس شواہد اور ایک منظم طریقہ کار کے تحت حل کرنے کی کوشش ہونی چاہیے۔

مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان محض خود کو مظلوم ظاہر کرنے کا بیانیہ پیش نہیں کرنا چاہتا بلکہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔