سکولوں میں 100 فیصد نتائج کا ہدف، سیکرٹری تعلیم کا بڑا اقدام

مظفرآباد (کشمیر ڈیجٹیل) آزاد کشمیر میں تعلیمی معیار کی بہتری، سرکاری سکولوں کی کارکردگی میں اضافے اور امتحانی نتائج کو سو فیصد تک پہنچانے کے لیے محکمہ تعلیم نے توجہ مرکوز کر دی۔
سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سہیل اعظم نے واضح کیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں معیاری تدریس، اساتذہ کی حاضری، نظم و ضبط اور طلبہ کی بہترین تعلیمی تربیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
 اساتذہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور احساس ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں، جبکہ جدید اور انٹرایکٹو تدریسی طریقوں کو فروغ دے کر طلبہ کی عملی صلاحیتوں کو نکھارا جائے۔ 
 علی اکبر اعوان گورنمنٹ ماڈل سکول کے دورے کے دوران انہوں نے تعلیمی سرگرمیوں، تدریسی معیار، اساتذہ کی حاضری اور طلبہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔

 سیکرٹری تعلیم سہیل اعظم نے سکول کے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور مختلف جماعتوں میں جا کر طلبہ سے براہ راست گفتگو کی۔ انہوں نے طلبہ سے نصابی اور تعلیمی نوعیت کے سوالات کیے۔

 اساتذہ کی حاضری بھی چیک کی اور رخصت پر موجود اساتذہ کی چھٹیوں کی درخواستوں کا جائزہ لیا، سیکرٹری تعلیم نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط اور اساتذہ کی باقاعدہ حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ 

سکول کے اوقات کار کے دوران کوئی استاد ادارہ چھوڑ کر نہ جائے اور تمام اساتذہ اپنی تدریسی ذمہ داریاں مکمل توجہ اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں :پشاورسکول کی چھت گرنے کا واقعہ، سیکرٹری تعلیم سمیت متعلقہ افسران طلب

سہیل اعظم نے جدید تعلیمی تقاضوں کے مطابق انٹرایکٹو پیڈاگوجیکل اسکلز (Interactive Pedagogical Skills) کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو صرف روایتی طریقہ تدریس تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں تعلیمی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

 سوال و جواب، عملی مشقوں اور دلچسپ تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے سیکھنے کے عمل کو زیادہ مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے تاکہ طلبہ کی تخلیقی اور فکری صلاحیتوں میں اضافہ ہو۔

سیکرٹری تعلیم نے سکول ہیلتھ سیشنز کے انعقاد، طلبہ میں صحت و صفائی سے متعلق شعور اجاگر کرنے اور مثبت تعلیمی ماحول کی تشکیل کو بھی تعلیمی سرگرمیوں کا لازمی حصہ بنانے پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں سرکاری سکولوں کی موثر نگرانی کا فیصلہ،ہر ماہ 10اداروں کا معائنہ لازمی قرار

سہیل اعظم نےکہاکہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ اور ٹاپ پرفارمرز کی حوصلہ افزائی اور ان کی کامیابیوں کے اعتراف کے لیے جلد ریاستی سطح پر ایک خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے اور غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو سراہا جائے گا۔

اقدام کا مقصد طلبہ میں تعلیمی مقابلے کا مثبت رجحان پیدا کرنا اور انہیں مزید بہتر کارکردگی کے لیے متحرک کرنا ہے۔انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ تدریسی فرائض کی ادائیگی کے ساتھ طلبہ کی اخلاقی تربیت، نظم و ضبط، کردار سازی اور انفرادی صلاحیتوں کی نشوونما پر بھی خصوصی توجہ دیں۔