اسلام آباد،چاغی (کشمیر ڈیجٹیل) بلوچستان کیلئے بڑی، خوشخبری۔چاغی میں تانبے اور سونے کے نئے ذخائر دریافت۔
تیل، گیس اور معدنیات کے شعبے میں سرگرم کمپنی ماڑی انرجیز نےپاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خط کے ذریعے آگاہ کردیا۔
بلوچستان کے ضلع چاغی میں عالمی شہرت یافتہ ریکوڈک منصوبے سے تقریباً 50 کلومیٹر کے فاصلے پر سونے اور تانبے کے نئے ذخائر کی نشاندہی ہوئی ہے۔
اہم پیش رفت پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات پیدا کرنے کے ساتھ بلوچستان کے قدرتی وسائل کی اہمیت کو مزید اجاگر کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :بڑی خوشخبری! پنجاب کے دریاؤں سے خالص سونا نکل آیا؟ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے خبر سنا دی
سرگرم کمپنی ماڑی انرجیز نے انکشاف کیا کہ ملکیتی ذیلی ادارے ماڑی منرلز نے کوہ سلطان میں ایسٹ سیاہ ڈک (ESD-1) کے مقام پر تانبے اور سونے کی معدنیات کی موجودگی دریافت کی ہے۔
کمپنی کے مطابق مذکورہ مقام پر دو مراحل میں تقریباً 25 ہزار میٹر ڈرلنگ مکمل کی جا چکی ہے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق تانبے کی معدنیات تقریباً 1.4 مربع کلومیٹر کے رقبے میں پھیلی ہوئی ہیں۔
ڈرلنگ کے دوران 500 میٹر تک کی گہرائی میں معدنیات کی موجودگی سامنے آئی ہے۔ تمام ڈرل ہولز 500 میٹر گہرے تھے اور حاصل کردہ نمونوں کی باقاعدہ جانچ بھی کی گئی۔
ماڑی انرجیز کے مطابق پہلے مرحلے کی ڈرلنگ کے جیو کیمیکل نتائج مرتب کر لیے گئے ہیں، جبکہ دوسرے مرحلے کے نمونوں کی لیبارٹری میں جانچ جاری ہے، جس کے 2027 کی پہلی سہ ماہی تک مکمل ہونے کی توقع ہے
۔کمپنی کا کہنا ہے کہ تانبے کی معدنیات زیادہ تر چٹانوں میں منتشر حالت میں پائی گئی ہیں، جن کے ساتھ پائرائٹ اور دیگر معدنیات بھی موجود ہیں۔ ابتدائی نتائج کی روشنی میں مزید ڈرلنگ کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ سونا ہزاروں روپے سستا ہو گیا
ماڑی انرجیز کے مطابق 500 میٹر سے زیادہ گہرائی میں بھی معدنیات کی موجودگی کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ آئندہ ڈرلنگ اور تجزیاتی نتائج کی بنیاد پر ابتدائی جیولوجیکل ماڈل اور معدنی وسائل کا تخمینہ تیار کیا جائے گا۔
پیش رفت اسلام آباد میں منعقد ہونے والے دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے موقع پر سامنے آئی ہے، جس کا مقصد پاکستان کے وسیع معدنی وسائل کو عالمی سطح پر متعارف کرانا ہے۔
فورم میں عالمی کان کنی کمپنیوں، سرمایہ کاروں، مالیاتی اداروں اور مختلف ممالک کے حکومتی نمائندوں نے شرکت کی۔



