میرپور (کشمیر ڈیجیٹل) سنٹرل جیل میرپورمیں آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نماز جمعہ کا باقاعدہ اہتمام۔قیدیوں اور حوالاتیوں کیلئے دینی و اصلاحی لیکچر منعقد کیا گیا۔
جیل انتظامیہ کا قابلِ تحسین اقدام،آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سنٹرل جیل میرپور میں نماز جمعہ کی ادائیگی کا باقاعدہ اہتمام کیا گیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ جیل فضل الرحمان عباسی اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل راجہ حسیب امجد کی خصوصی کاوشوں سے جیل کے اندر نماز جمعہ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔
اس موقع پر جیل میں قید اسیران اور حوالاتیوں نے نماز جمعہ ادا کی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد قیدیوں اور حوالاتیوں سے دین اسلام کی تعلیمات، نماز کی اہمیت، اخلاقی تربیت، حقوق العباد، صبر و برداشت، توبہ و استغفار اور اصلاحِ نفس کے حوالے سے گفتگو بھی کی گئی۔
اس دینی و اصلاحی نشست کا مقصد قیدیوں میں اسلامی تعلیمات کا شعور اجاگر کرنا، ان کی اخلاقی و روحانی تربیت کرنا اور انہیں ایک بہتر انسان اور ذمہ دار شہری بننے کی ترغیب دینا تھا۔
آزاد کشمیر کی جیل کی تاریخ میں اس نوعیت کا اقدام ایک نئی اور قابلِ توجہ پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
جیل انتظامیہ کی جانب سے اس اقدام کو قیدیوں کی دینی، اخلاقی اور اصلاحی تربیت کے سلسلے میں اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔
سینٹرل جیل میرپور میں نماز جمعہ کے اس اہتمام کو ایک مثبت روایت کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے،
جس سے اسیران کو اپنی اصلاح، عبادات کی پابندی اور اسلامی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرنے کا موقع میسر آئے گا۔




