وزیرصحت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کا کے آئی سی اور ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ ، اہم ہدایات جاری

میرپور ( کشمیر ڈیجیٹل ) وزیر صحت عامہ آزادکشمیر ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور کا تفصیلی دورہ کیا۔

انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی و تعمیراتی کاموں، مریضوں کو دستیاب طبی سہولیات اور ہسپتال کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو سہولیات کی بہتری کے لیے اہم ہدایات جاری کیں۔

وزیر صحت نے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سی سی یو کی اپ گریڈیشن کے جاری کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں میں معیار اور مریضوں کی ضروریات کو خصوصی اہمیت دی جائے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سرینگر، کولگام، کشتواڑ ،پونچھ میں بڑے پیمانے پرآپریشن،سخت پابندیاں

انہوں نے 30 الیکٹرک ہسپتال بیڈز کی مجوزہ فراہمی کے پیش نظر موجودہ گنجائش کے مطابق ان کی مناسب تنصیب اور ایڈجسٹمنٹ کے لیے ضروری انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی عمارت کی تزئین و آرائش کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیتے ہوئے راہداریوں، وارڈز، سائیڈ رومز اور نئے بلاک کی چھتوں کی سیلنگ کی مرمت و تبدیلی کی ہدایت

دیواروں کی مناسب فنشنگ، یکساں کلر اسکیم، پردوں اور بلائنڈز کی تبدیلی، معیاری پنکھوں کی تنصیب اور کانفرنس ہال سمیت مختلف حصوں کی بہتری کی ہدایت کی۔

انہوں نے عمارت میں پانی کی سیم اور رطوبت کے مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ان کے مستقل تدارک اور بارشی پانی کی نکاسی کے نظام کو درست کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔

وزیر صحت عامہ کی ملاقات نفیس گروپ آف کمپنیز کے بانی حاجی محمد سلیم کے فرزند رافع سلیم سے بھی ہوئی۔ حاجی محمد سلیم کی جانب سے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی عمارت عطیہ کی گئی تھی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت کی جنگی تیاریاں، پراکسی وارفیئر، پاکستان کوچوکنا رہنا ہوگا، سردار مسعود

بعد ازاں وزیر صحت عامہ ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور کے ٹراما سینٹر اور شعبہ ایمرجنسی کا تفصیلی دورہ کیا۔

انہوں نے ایمرجنسی کے عقبی حصے میں حفاظتی فائبر شیٹ کی چھت، بیرونی دیواروں کی تزئین و آرائش، پتھر کی فنشنگ، بہتر ڈیزائن اور معیاری ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔

وزیر صحت عامہ نے دورے کے دوران موجود محکمہ تعمیرات عامہ کے نمائندگان کو ہدایت کی کہ تمام نشاندہی کردہ تعمیراتی و مرمتی کاموں کا تکنیکی جائزہ لے کر ضروری تخمینہ جات تیار کیے جائیں تاکہ متعلقہ منظوریوں کے بعد ان پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ مریضوں کی سہولیات سے متعلق امور کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے، اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد راجہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فدا حسین راجہ، ہسپتال اور کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی انتظامیہ، ماہرین امراضِ قلب اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔