پاکستانیوں کیلئے ویزوں کا اجراء ،براہ راست پروازیں،روس نے بڑا اعلان کردیا

ماسکو: روس نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا کے طریقہ کار میں آسانی اور ماسکو اسلام آباد براہِ راست پروازوں کی بحالی کے امکانات پر اپنا مؤقف واضح کیا ہے۔

روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا ماسکو میں اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ پاکستانی شراکت داروں نے متعدد مواقع پر روسی ویزا حاصل کرنے کے طریقۂ کار کو آسان بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:روس ایران کوایس 400 ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کرنے کیلئے تیار

انہوں نے کہا کہ رواں سال جون میں روس اور پاکستان کے درمیان غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی واپسی سے متعلق بین الحکومتی معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔

اس معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان ویزا نظام میں ممکنہ نرمی کے طریقۂ کار پر بات چیت شروع کرنے کی بنیاد فراہم ہوئی ہے۔

روسی ترجمان کے مطابق، معاہدے پر عمل درآمد کے نتائج اور اس کی عملی افادیت کا جائزہ لینے کے بعد ویزا سہولتوں کے حوالے سے مزید اقدامات پر غور کیا جا سکے گا۔

ماسکو اور اسلام آباد کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی سے متعلق سوال پر زاخارووا نے واضح کیا کہ ایسی پروازیں شروع کرنے میں قانونی طور پر کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ براہِ راست پروازوں کی بحالی کا انحصار دونوں ممالک کی ایئرلائنز کی دلچسپی اور انہیں چلانے کی تیاری پر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان یوکرین تنازع میں ثالثی کرنا چاہے تو غور کرینگے، روسی سفیر

 اس کے لیے ضروری ہے کہ ان روٹس پر مسافروں کی مناسب تعداد موجود ہو اور پروازیں تجارتی لحاظ سے بھی قابل عمل ہوں۔

روسی ترجمان نے ویزا سہولتوں میں نرمی یا براہِ راست پروازوں کی بحالی کے لیے کوئی حتمی تاریخ نہیں دی تاہم ان کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ دونوں معاملات پر مزید بات چیت اور پیش رفت کے امکانات موجود ہیں۔