غلطی سے ایل اوسی کراس کرنیوالی خاتون کی بحفاظت واپسی، بھیڑ، بکریاں بھی حوالے

حویلی /فارورڈ کہوٹہ: غلطی سے لائن آف کنٹرول عبور کرکے آزاد کشمیر آنے والی خاتون روبینہ کوثر 5 روز بعد بحفاظت مقبوضہ کشمیر اپنے گھر پہنچ گئی، بھیڑیں اور بکریاں بھی حوالے کر دی گئیں۔

روبینہ کوثر اپنے مویشی چراتے ہوئے نادانستہ طور پر لائن آف کنٹرول عبور کرکے آزاد کشمیر کے ضلع حویلی میں داخل ہو گئی تھیں، متعلقہ حکام نے 5 روز تک خاتون کو حفاظتی انتظامات کے تحت شیلٹر ہوم میں رکھا۔

یہ بھی پڑھیں:کیرنی مندھار بارڈ سے حویلی میں داخل ہونیوالی خاتون شلٹر ہوم کہوٹہ منتقل

 خاتون کی بحفاظت واپسی پر ان کے اہل خانہ اور گاؤں کے رہائشیوں نے سکھ کا سانس لیا، جو گزشتہ پانچ روز سے ان کی واپسی کے منتظر تھے۔

دوسری جانب شیلٹر ہوم کی انچارج مسرت ممتاز نے بتایا کہ غلطی سے لائن آف کنٹرول عبور کرکے آزاد کشمیر آنے والی روبینہ کوثر ہمارے لیے مہمان تھیں۔ وہ شیلٹر ہوم میں فراہم کی جانے والی مہمان نوازی اور سہولیات پر بے حد شکر گزار اور خوش نظر آئیں۔

مسرت ممتاز کے مطابق خاتون اپنے معصوم بچوں کو یاد کرتے ہوئے اکثر آبدیدہ ہو جاتی تھیں، تاہم انہیں امید تھی کہ وہ جلد اپنے گھر واپس پہنچ کر اہل خانہ سے ملاقات کر سکیں گی۔

اس موقع پر شیلٹر ہوم کی انچارج مسرت ممتاز نے مطالبہ کیا کہ شیلٹر ہوم کو مستقل کیا جائے اور اس میں سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں:لیپہ ویلی کے دیرینہ مسائل کا حل، وزیراعظم نے کھلی کچہری میں بڑے اعلانات کر دیئے

 ان کا کہنا تھا کہ یہ ادارہ بے سہارا خواتین کو ایک باعزت اور باوقار ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔