سیالکوٹ کے علاقے ڈسکہ روڈ پر مہندی کی تقریب میں بھگدڑ مچنے سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہوگئی جبکہ 12 افراد زخمی ہیں۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ مرکزی ملزم عنصر جٹ ( عرف مسٹر پتلو)سمیت 40 سے زائد افراد کے خلاف درج کر کے 6 افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:معروف ٹک ٹاکر بیوٹیشن ارشمہ نے خودکشی کر لی، لاش کئی دنوں بعد برآمد
نجی ٹی وی کے مطابق پولیس نے بتایا کہ واقعہ گزشتہ روز ڈسکہ روڈ پر پیش آیا تھا، جہاں مہندی کی تقریب کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد کی گئی تھی۔
تقریب میں شرکت کےلیے دعوت عام دی گئی تھی جبکہ قرعہ اندازی کے ذریعے انعامات بھی تقسیم کیے جانے تھے، جس پر سیالکوٹ کے ساتھ پنجاب کے دیگر شہروں سے بھی لوگ تقریب میں شرکت کےلیے پہنچے تھے، تقریب شروع ہونے سے پہلے ہی گراؤنڈ میں بھگدڑ مچ گئی۔
یا درہے کہ مسٹر پتلو کی شادی کی تقریبات گذشتہ چند روز سے جاری تھیں اور وہ اپنی شادی کی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی شیئر کر رہے تھے۔
پولیس کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق ہفتہ کی شام ڈسکہ روڈ پر واقع فراز کرکٹ گراؤنڈ میں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب جاری تھی اور انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے موٹر سائیکلوں اور کار سمیت دیگر انعامات کا لالچ دے کر لوگوں کو مدعو کر رکھا تھا، جس پر کثیر تعداد میں لوگ وہاں جمع ہو گئے۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ اس دوران مسٹر پتلو نے سٹیج پر آ کر اعلان کیا کہ تمام لوگ فوری طور پر گراؤنڈ میں آ جائیں جس پر لوگوں نے یکدم اندر جانے کی کوشش کی جس سے بھگدڑ مچ گئی اور عقیل نامی شخص موقع پر جان کی بازی ہار گیا۔
یہ بھی پڑھیں:گاڑی دریائے کنہار میں اتارنے والے ٹک ٹاکرز کیخلاف مقدمہ درج
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد فوری بعد ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
رپورٹ کے مطابق جب گراؤنڈ کے گیٹ کھلے تو سب لوگ اس طرف کو بھاگےکیونکہ لوگ یہ سمجھ رہے تھے جو پہلے اندر جائے گا اس کو انعام ملے گا اور گراؤنڈ سے باہر رہنے والے انعام سے محروم رہ جائیں گے۔




